amarnath yatra

6200 سے زائد امرناتھ یاتریوں کا تازہ قافلہ جموں سے روانہ

13روز میں3لاکھ سے زائد یاتریوں کا گھپا میں درشن کا نیا ریکارڈ قائم

سرینگر//امرناتھ یاترا کے سلسلے میں بدھ کی صبح 6200 سے زائد یاتریوں کا ایک تازہ قافلہ سخت حفاظتی انتظامات کے بیچ جموں کے بھگوتی نگر یاتری نواس سے جنوبی کشمیر میں واقع بالہ تل اور پہلگام کے بیس کیمپوں کی جانب روانہ ہوا۔ حکام کے مطابق یاترا کو محفوظ اور منظم انداز میں جاری رکھنے کے لیے سول انتظامیہ، پولیس، سیکورٹی فورسز اور شری امرناتھ شرائن بورڈ کی جانب سے کثیر سطحی سیکورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔یو این ایس کے مطابق سرکاری حکام نے بتایا کہ بدھ کی صبح 6251 یاتری 230 ہلکی اور بھاری گاڑیوں کے قافلے میں جموں بیس کیمپ سے روانہ ہوئے۔ ان میں 2985 یاتری بالتل روٹ جبکہ 3266 یاتری پہلگام روٹ کے ذریعے گھپا کی جانب روانہ ہوئے۔حکام کے مطابق اس سال کی شری امرناتھ یاترا نے ایک نیا ریکارڈ قائم کرتے ہوئے صرف 13 دنوں میں 3 لاکھ یاتریوں کا ہندسہ عبور کر لیا ہے، جو حالیہ برسوں میں سب سے تیز رفتار پیش رفت تصور کی جا رہی ہے۔جموں و کشمیر انتظامیہ نے ایک بار پھر یاتریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ صرف تصدیق شدہ رجسٹریشن اور اپنے مقررہ شیڈول کے مطابق ہی یاترا کریں۔ انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ بغیر رجسٹریشن کسی بھی یاتری کو بالتل یا پہلگام کے بیس کیمپوں کی طرف جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔واضح رہے کہ امرناتھ یاترا کے پہلے قافلے کو 2 جولائی کو جموں سے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے روانہ کیا تھا، جس کے بعد روزانہ ہزاروں یاتری سخت حفاظتی حصار میں کشمیر کی طرف روانہ ہو رہے ہیں۔