412 میڈیکل افسروں کی سلیکشن فہرست جاری

منتخب امیدواروں کو کردار اور سابقہ ریکارڈ کی جانچ مکمل کرنے کی ہدایت:محکمہ صحت

سرینگر// جموں و کشمیر پبلک سروس کمیشن نے 412 ایلوپیتھک میڈیکل افسروں کی سلیکشن فہرست جاری کر دی ہے، جس کے بعد محکمہ صحت و طبی تعلیم نے منتخب امیدواروں کی اسناد، کردار اور سابقہ ریکارڈ کی جانچ کا عمل شروع کر دیا ہے۔سرکاری نوٹیفکیشن کے مطابق محکمہ صحت و طبی تعلیم کو جے کے پی ایس سی کی جانب سے میڈیکل افسروں کی حتمی سلیکشن فہرست موصول ہوئی ہے، جس کے بعد منتخب امیدواروں کی تقرری کے سلسلے میں ضروری کارروائی کا آغاز کیا گیا ہے۔ فہرست میں مجموعی طور 412 امیدوار شامل ہیں۔یو این ایس کے مطابق محکمہ نے تمام منتخب امیدواروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ مقررہ مدت کے اندر تصدیقی عمل مکمل کریں۔ نوٹس میں واضح کیا گیا ہے کہ مقررہ وقت میں جانچ اور ضروری دستاویزات جمع نہ کرانے کی صورت میں اسے تقرری قبول نہ کرنے کے مترادف سمجھا جائے گا، جس کے نتیجے میں امیدوار متعلقہ عہدے پر اپنا دعویٰ کھو سکتے ہیں۔یاد رہے کہ محکمہ صحت و طبی تعلیم میں میڈیکل افسروں کی 480 اسامیوں کیلئے 25 دسمبر 2025 کو اشتہار جاری کیا گیا تھا۔ بھرتی کے اس عمل کو حالیہ برسوں میں ڈاکٹروں کی سب سے بڑی تقرریوں میں شمار کیا جا رہا ہے۔محکمہ صحت کے حکام کے مطابق نئی بھرتیوں سے جموں و کشمیر کے دیہی، سرحدی اور دور افتادہ علاقوں میں طبی خدمات کو مزید مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔ ان کا کہنا ہے کہ سرکاری ہسپتالوں اور صحت مراکز میں ڈاکٹروں کی کمی کو پورا کرنے کیلئے یہ ایک اہم قدم ثابت ہوگا۔محکمہ کے ایک سینئر افسر نے بتایا کہ نئے میڈیکل افسران کی تعیناتی سے بنیادی اور ثانوی سطح کی صحت خدمات میں بہتری آئے گی اور دور دراز علاقوں کے عوام کو بہتر طبی سہولیات دستیاب ہوں گی۔