31 مارچ 2026تک نکسل ازم کے خاتمہ ہوگا

اس کے بعد کوئی بھی ہندوستانی شہری جان نہیں کھوئے گا: امت شاہ

سرینگر//مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے اتوار (9فروری، 2025) کو کہا کہ 31 مارچ 2026تک ’’نکسلی‘‘ کا خاتمہ کر دیا جائے گا اور ملک کے کسی شہری کو اس کی وجہ سے اپنی جان نہیں گنوانی پڑے گی۔کشمیر نیوز سروس کے مطابق مسٹر شاہ نے یہ بات چھتیس گڑھ میں سیکورٹی فورسز کے 31 ماؤنوازوں کے مارے جانے کے بعد کہی۔انہوں نے ہندی میں ‘X’ پر لکھا، ’’میں اپنے عزم کا اعادہ بھی کرتا ہوں کہ 31 مارچ 2026سے پہلے ہم ملک سے نکسل ازم کا مکمل خاتمہ کر دیں گے تاکہ ملک کے کسی شہری کو اس کی وجہ سے اپنی جان نہ گنوانی پڑے۔وزیر داخلہ نے کہا کہ ہندوستان کو ماؤنواز سے پاک بنانے کی سمت میں، چھتیس گڑھ کے بیجاپور میں سیکورٹی فورسز نے ایک بڑی کامیابی حاصل کی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس آپریشن میں 31ماؤنواز مارے گئے اور بھاری مقدار میں اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کیا۔