سندھ معاہدہ معطلی کے بعد پانی کے استعمال کو زیادہ سے زیادہ کرنے کے لیے مرکز چناب پر رنبیر نہر کی توسیع کی جائے گی
سرینگر//حکومت دریائے چناب پر رنبیر نہر کی لمبائی میں اضافہ کرنے کے منصوبوں پر غور کر رہی ہے تاکہ پانی کا زیادہ سے زیادہ استعمال کیا جا سکے جو بھارت کو پہلگام حملے کے بعد سندھ آبی معاہدے کو منسوخ کرنے کے بعد ملاہے ۔ ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ اب تک، ہندوستان چناب کا محدود پانی استعمال کرتا رہا ہے، زیادہ تر آبپاشی کے لیے، لیکن اب اس معاہدے کو التوا میں ڈالنے سے، توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے خاص طور پر بجلی پیدا کرنے کے شعبے میں اس کے استعمال کو بڑھانے کی گنجائش موجود ہے۔ایک اور اہلکار نے کہا کہ ہندوستان ان دریاؤں پر تقریباً 3000 میگا واٹ کی پن بجلی پیدا کرنے کی اپنی موجودہ صلاحیت کو بڑھانے کا منصوبہ بنا رہا ہے جو پہلے پاکستان کے زیر استعمال تھے اور اس سلسلے میں ایک فزیبلٹی اسٹڈی کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔بڑے منصوبوں میں سے ایک رنبیر نہر کی لمبائی کو 120 کلومیٹر تک بڑھانا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ بنیادی ڈھانچے کی تعمیر کے لیے وقت درکار ہے، “تمام اسٹیک ہولڈرز سے اس عمل کو تیز کرنے پر زور دیا گیا ہے”۔مزید برآں، کٹھوعہ، راوی اور پارگوال نہروں پر بھی ڈیسلٹنگ کا عمل شروع ہو گیا ہے، اہلکار نے بتایاکہ 1960 میں ورلڈ بینک کی ثالثی میں، سندھ آبی معاہدہ (IWT) بھارت اور پاکستان کے درمیان دریائے سندھ اور اس کی معاون ندیوں کی تقسیم اور استعمال کو کنٹرول کرتا تھا۔لیکن ہندوستان نے پہلگام حملے کے بعد اس معاہدے کو معطل کرنے کا فیصلہ کیا تھا اور اس کے بعد سے یہ برقرار رکھا ہے کہ یہ معاہدہ اس وقت تک معطل رہے گا جب تک کہ پاکستان سرحد پار دہشت گردی کی حمایت کو قابل اعتبار اور اٹل طریقے سے ترک نہیں کرتا۔دریائی نظام سندھ پر مشتمل ہے – مرکزی دریا – اور اس کی معاون ندیاں۔ راوی، بیاس اور ستلج کو مجموعی طور پر مشرقی دریا کہا جاتا ہے جبکہ دریائے سندھ، جہلم اور چناب کو مغربی دریا کہا جاتا ہے۔










