03جولائی سے سالانہ امرناتھ یاترا کی شروعات

ڈرون اور سی سی ٹی وی مانیٹرنگ سے روایتی سیکورٹی اپریٹس کو مزید مضبوط کیا جانا چاہیے/ امیت شاہ

سرینگر / این این بی // سالانہ امرناتھ یاترا کے دوران ناقابل تسخیر سیکورٹی انتظامات کو یقینی بنانے کی سیکورٹی ایجنسیوں کو ہدایات دیتے ہوئے وزیر داخلہ امیت شاہ نے کہا کہ ڈرون، سی سی ٹی وی مانیٹرنگ، نگرانی کے نظام اور دیگر جدید ٹیکنالوجی کے وسیع استعمال کے ذریعے روایتی سیکورٹی آلات کو مزید مضبوط کیا جانا چاہیے۔نیشنل نیوز بیورو ( این این بی ) کے مطابق مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے 3 جولائی سے شروع ہونے والی سالانہ امرناتھ یاترا کی تیاریوں کے بارے میں نئی دہلی میں ایک اعلیٰ سطحی جائزہ میٹنگ کی صدارت کی ۔ میٹنگ میں قومی سلامتی کے مشیر (این ایس اے) اجیت ڈوول، جموں و کشمیر کے لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا، فوجی چیف جنرل اوپیندر دویدی، داخلہ سیکرٹری گووند موہن، انٹیلی جنس بیورو کے سربراہ تپن کمار ڈیکا، سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے ڈائریکٹر جنرل جی پی سنگھ کے علاوہ دیگر اعلیٰ سیکورٹی اور انتظامی حکام نے شرکت کی۔اس موقعہ پر سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے وزیر داخلہ امیت شاہ نے کہا کہ سی اے پی ایف، جموں و کشمیر پولیس اور تمام سیکورٹی ایجنسیوں کو امرناتھ یاترا کے راستے اور سیاحتی مقامات پر ایک پرامن یاترا کو یقینی بنانے کیلئے کثیر سطحی، ناقابل تسخیر سیکورٹی گرڈ قائم کیا جانا چاہیے۔ میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے امیت شاہ نے کہا کہ ڈرون، سی سی ٹی وی مانیٹرنگ، نگرانی کے نظام اور دیگر جدید ٹیکنالوجی کے وسیع استعمال کے ذریعے روایتی سیکورٹی اپریٹس کو مزید مضبوط کیا جانا چاہیے۔خیال رہے کہ ہمالیہ میں 3,880 میٹر اونچے گھپا کی 57 دن کی یاترا کیلئے بڑے پیمانے پر سیکورٹی تعیناتی کی ضرورت ہوتی ہے، جس میں مرکزی اور مرکز کے زیر انتظام ایجنسیوں کے ساتھ مل کر کام کیا جاتا ہے۔انہوں نے ہدایت کی کہ یاترا سے وابستہ مقامی افراد اور جانوروں کی رجسٹریشن کی جائے۔انہوں نے کہا کہ QR کوڈز والے شناختی کارڈ جاری کیے جانے چاہئیں، اور یاتریوں کی رجسٹریشن سے لے کر صحت کی دیکھ بھال کی خدمات تک ہر چیز کے لیے مناسب انتظامات کیے جائیں۔وزیر داخلہ نے کہا کہ مختلف سی اے پی ایف اور جموں و کشمیر پولیس کے سینئر افسران یاترا کے دوران کیمپ کے مقامات پر انتظامات کی مسلسل نگرانی کریں۔انہوں نے کہا کہ یاتریوں کی رجسٹریشن، رہائش، صحت کی خدمات اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ سمیت تمام ضروری سہولیات کے لیے مناسب انتظامات کو یقینی بنایا جانا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ یاتریوں کی کھیپ کو آگے لے جانے کے انتظامات موسمی حالات اور پیشین گوئیوں کے مطابق کیے جائیں گے۔شاہ نے کہا کہ یاترا کے راستے سے باہر اہم سیاحتی مقامات پر بھی مضبوط حفاظتی انتظامات کو یقینی بنایا جانا چاہیے، تاکہ یاتریوں محفوظ طریقے سے اپنے دورے سے لطف اندوز ہو سکیں۔