متعدد اراکینِ اسمبلی نے اَپنے حلقوں کے ترقیاتی مسائل سے متعلق وزیر اعلیٰ سے ملاقات کی
سری نگر//یونین بینک آف اِنڈیا نے جموں و کشمیر میں جاری سیلاب اِمدادی کوششوں میں ایک کروڑ روپے کا تعاون پیش کیا۔ یہ چیک وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کو سول سیکرٹریٹ میںباضابطہ طور پر پیش کیا گیا۔وزیر اعلیٰ نے اِس فراخدلانہ اَقدام پر بینک کا شکریہ اَدا کرتے ہوئے کہا کہ اِس طرح کے عطیات اور تعاون سے متاثرہ اَفراد کے لئے اِمداد اور بحالی کے اقدامات میں نمایاں مدد ملے گی ۔ اُنہوں نے کہا کہ اِداروں اور اَفراد کی اِجتماعی کوششیںریاست کو آفت سے نکالنے میں اہم کردار اَدا کرتی ہیں۔دریں اثنأ رُکنِ اسمبلی بانہال سجاد شاہین اور رکنِ قانون ساز اسمبلی بدھل جاوید اقبال نے سول سیکرٹریٹ میں وزیر اعلیٰ سے ملاقات کی۔ اُنہوں نے اَپنے متعلقہ حلقوں کے اہم ترقیاتی مسائل پر تبادلہ خیال کی اور لوگوں کی ضروریات کو پورا کرنے میں حکومت سے مداخلت کی درخواست کی۔وزیر اعلیٰ نے یقین دِلایا کہ اُن کے اُٹھائے گئے مسائل کا بغور جائزہ لیا جائے گا اور تمام علاقوں میں متوازن ترقی کو یقینی بنانے کے لئے مناسب اقدامات کئے جائیں گے۔










