لندن/ایجنسیز//پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کے بعد برطانیہ میں یومیہ تقریبا 2 لاکھ پاؤنڈ کا پٹرول چوری ہونے لگا۔ ایران کی جنگ کے ساتھ شروع ہونے والے پٹرول کے بحران کے بعد برطانیہ بھر کے پٹرول پمپس سے ڈرائیور روزانہ تقریباً 2 لاکھ پاؤنڈ مالیت کا پٹرول بغیر ادائیگی کے چوری کرکے لے جا رہے ہیں۔ پٹرول چوری کی روک تھام کیلئے کام کرنے والی کمپنی فور کورٹ آئی کے تجزیہ کے مطابق مشرقِ وسطیٰ میں تنازع شروع ہونے کے بعد کے 5 ماہ کے دوران، اس سے پہلے کے 5 ماہ کے مقابلے میں پٹرول چوری کے واقعات میں 20 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ جنگ کے باعث پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کے نتیجے میں چوری ہونے والے پٹرول کی مجموعی مالیت میں 48فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جو ملک کے 8359پٹرول پمپس پر روزانہ اوسطاً 194000 پاؤنڈ تک پہنچ گیا ہے۔ فور کورٹ آئی کے مطابق پہلی بار بغیر ادائیگی کے پٹرول لے جانے والوں کی تعداد میں 23فیصد اضافہ جبکہ بار بار ایسا کرنے والوں کی تعداد 17 سے 20 فیصد رہی۔
، اس کے علاوہ چوری کیے گئے پٹرول کی مقدار میں 26 فیصد اضافہ بھی دیکھا گیا، یہ اعداد و شمار ملک بھر کے 550 نمائندہ پٹرول پمپس سے موصول ہونے والی رپورٹس پر مبنی ہیں۔ ملک میں پٹرول کی اوسط قیمت 160 پینس فی لیٹر تک پہنچ گئی ہے، جو تنازعہ سے پہلے کے مقابلے میں 27 پنس زیادہ ہے، جبکہ ڈیزل کی قیمت 179 پنس فی لیٹر ہو گئی ہے، جو جنگ سے پہلے کے مقابلے میں 37 پینس زیادہ ہے۔










