عالمی یوم سیاحت ۔جموں کشمیر عالمی سطح پر نمایاں سیاحتی منزل

عالمی یوم سیاحت ۔جموں کشمیر عالمی سطح پر نمایاں سیاحتی منزل

وزیراعلی عمر عبداللہ کی سیاحوں کو جموں و کشمیر آنے کی دعوت

سرینگر// یو این ایس / وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے عالمی یوم سیاحت کے موقع پر ملک اور دنیا بھر کے سیاحوں کو جموں و کشمیر کا دورہ کرنے کی دعوت دیتے ہوئے خطے کی قدرتی خوبصورتی، مہمان نوازی اور متنوع سیاحتی امکانات کو اجاگر کیا ہے۔عالمی یوم سیاحت کے موقع پر جاری اپنے پیغام میں عمر عبداللہ نے جموں و کشمیر کو ”لافانی جنت“ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہاں سیاحوں کے لیے مہم جوئی، تفریحی مقامات، مذہبی و زیارتی سیاحت، کانفرنسوں اور تقریبات کے لیے سہولیات، شادیوں کے لیے مقامات، غیر دریافت شدہ ٹریکنگ راستوں اور فلموں کی عکس بندی سمیت مختلف النوع سیاحتی مواقع موجود ہیں۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جموں و کشمیر اپنی لازوال خوبصورتی اور بے مثال مہمان نوازی کے باعث دنیا بھر کے مسافروں کے لیے ایک منفرد مقام رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت خطے میں سیاحتی بنیادی ڈھانچے کو مزید مضبوط بنانے اور پائیدار ماحولیاتی سیاحت کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے۔عمر عبداللہ نے کہا کہ سیاحت اور مہمان نوازی کے شعبے میں مقامی نوجوانوں کو مرکزی حیثیت دینے کے ساتھ ساتھ جموں و کشمیر کی بھرپور ثقافتی روایات کے تحفظ اور فروغ پر بھی توجہ دی جا رہی ہے۔انہوں نے ملک اور بیرون ملک سے آنے والے سیاحوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر کے پہاڑوں، جھیلوں اور وادیوں کی خوبصورتی سے لطف اندوز ہونے کے ساتھ ساتھ یہاں کی منفرد ثقافت اور سیاحتی مقامات کا تجربہ بھی حاصل کیا جا سکتا ہے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وہ تمام سیاحوں کا کھلے دل سے خیرمقدم کرتے ہیں اور انہیں جموں و کشمیر کا دورہ کرکے اس کی قدرتی خوبصورتی سے لطف اندوز ہونے اور یادگار لمحات اپنے ساتھ لے جانے کی دعوت دیتے ہیں۔