یشامدگل نے کوآپریٹیو ڈیپارٹمنٹ کیلئے کیپکس بجٹ 2026-27 کا جائزہ لیا

جموں//کمشنر سیکرٹری کوآپریٹیو یشامدگل نے سول سیکرٹریٹ میں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کی جس میں محکمہ کوآپریٹیو سے متعلق مالی برس 2026-27 کے کیپکس بجٹ تجاویز کا جائزہ لے کر انہیں حتمی شکل دی گئی۔میٹنگ میں ڈائریکٹرفائنانس محکمہ کوآپریٹیو ریشم دیپیکا اور محکمہ کے دیگر سینئر اَفسران نے شرکت کی۔دوران میٹنگ ڈائریکٹر فائنانس نے چیئر کو محکمہ کے مختلف شعبوں اور سکیموں کے تحت 2026-27 کے مجوزہ کیپکس بجٹ مختص کرنے کے بارے میں تفصیلی جانکاری دی۔ تجاویز میں جاری کاموں، نئے منصوبے، بنیادی ڈھانچے کی بہتری، جدید کاری کے اَقدامات اور دیگر ترقیاتی منصوبے شامل تھے جن کا مقصد جموں و کشمیر یوٹی میں کوآپریٹیو شعبے کو مضبوط بنانا ہے۔میٹنگ میں مختلف کوآپریٹیو اِداروں کی جاری سکیموں، بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں، مالی کارکردگی اور اِنتظامی کام کاج کا جامع جائزہ بھی لیا گیا۔ یشامدگل نے کیپکس فنڈز کے شفاف، مؤثر اور بروقت اِستعمال کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کیپکس بجٹ کودیرپااثاثوں کی تخلیق، اِدارہ جاتی ڈھانچے کی مضبوطی اور کوآپریٹیو شعبے میں خدمات کی فراہمی کے نظام کو بہتر بنانے پر توجہ دینی چاہیے۔یشامدگل نے گزشتہ مالی برس کے دوران محکمہ کی صرف 58 فیصد اخراجاتی کارکردگی پر تشویش کا اِظہار کرتے ہوئے افسران کو ہدایت دی کہ وہ نتیجہ خیز طرزِ عمل اَپنائیں اور آئندہ چھ ماہ کے دوران کم از کم 80 فیصد اخراجات کا ہدف حاصل کرنے کے لئے انتھک محنت کریں۔کمشنر سیکرٹری نے اس بات پر زور دیا کہ خدمات کی فراہمی میں بہتری، شفافیت کے فروغ اور سرکاری پروگراموں کے مؤثر نفاذ پر خصوصی توجہ دی جائے تاکہ کسانوں، دستکاروں، خواتین سیلف ہیلپ گروپس اور کوآپریٹیو شعبے سے وابستہ دیگر شراکت داروں کو فائدہ پہنچ سکے۔اُنہوں نے نتیجہ پر مبنی منصوبہ بندی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ ضرورت پر مبنی منصوبوں کو ترجیح دیں جن میں عوامی فائدے اور طویل مدتی ترقیاتی اثرات ہوں۔اُنہوں نے جاری منصوبوں کی طبعی و مالی پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے ہدایت دی کہ جن منصوبوں میں زائد اَز 70 فزیکل پروگریس والے تمام پروجیکٹوں کو جون 2026 سے پہلے فزیکل اورفائنانشل دونوں طرح سے مکمل کیا جانا چاہیے۔کمشنر سیکریٹری نے افسران پر زور دیا کہ وہ تمام ترقیاتی کاموں کی قریبی نگرانی برقرار رکھیں اور منظور شدہ پروجیکٹوں کی ہموار اور بروقت عمل آوری کے لئے مختلف محکموں کے درمیان مؤثر تال میل کو یقینی بنائیں۔