وزیر اعظم نریندر مودی نے ہفتہ (11 جولائی) کو آکلینڈ میں نیوزی لینڈ کے اپنے ہم منصب کرسٹوفر لکسن کے ساتھ وفود کی سطح پر بات چیت کی۔ دونوں رہنماؤں نے ہندوستان اور نیوزی لینڈ کے تعلقات کو اسٹریٹجک شراکت داری کی سطح تک لے جانے پر اتفاق کیا۔ اس دوران وزیر اعظم مودی نے دونوں ممالک کو ’قدرتی شراکت دار‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ تاریخی دورہ دو طرفہ تعلقات کو ایک نئی رفتار دے گا۔
ایئرپورٹ پر کرسٹوفر لکسن کی جانب سے کیے گئے استقبال پر وزیر اعظم مودی نے ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ’’میرے لیے یہ انتہائی خوشی کی بات ہے کہ 40 سال کے بعد ہندوستان کے کسی وزیر اعظم کا نیوزی لینڈ آنا ہوا ہے۔ آپ نے ایک طرح سے اپنی معاشی راجدھانی میں اس تقریب کا انعقاد کر کے ہندوستان اور نیوزی لینڈ کے تعلقات کو نئی طاقت دینے کا ایک موقع فراہم کیا ہے۔ میں اس کے لیے آپ کا بے حد شکر گزار ہوں۔‘‘
وزیر اعظم مودی نے مزید کہا کہ نیوزی لینڈ کے لوگوں کے درمیان آ کر ان کا ہندوستان کے لیے جو پیار اور لگاؤ ہے، اسے دیکھ کر کوئی بھی شخص انتہائی جذباتی ہو جاتا ہے۔ یہ لمحہ میرے دل کو چھو لینے والا ہے۔ اس کے لیے بھی میں آپ کا بہت شکر گزار ہوں۔ وفود کی سطح پر ہونے والے مذاکرات کے دوران اپنے خطاب میں وزیر اعظم مودی نے کہا کہ ’’یہ ہمارے تعلقات میں ایک تاریخی سنگ میل ہے، جو ہمارے رابطوں کی نئی توانائی اور ہماری دوستی کے نئے عزم کا اعادہ کرنے والا ہے۔‘‘
کرسٹوفر لکسن کے ہندوستان دورے کا تذکرہ کرتے ہوئے وزیر اعظم مودی نے کہا کہ ’’گزشتہ دنوں آپ ہولی کے موقع پر ہندوستان آئے تھے۔ آپ کے اس دورے نے ہمارے تعلقات میں بھی نئے رنگ بھر دیے تھے، کیونکہ ہولی کے رنگوں کی اپنی ایک خاص اہمیت ہوتی ہے اور ہمیں اس کا بخوبی تجربہ ہوا۔‘‘ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ ’’جب آپ ہندوستان آئے تھے اور ایف ٹی اے کی شروعات ہوئی تھی، تو نیوزی لینڈ نے متحد ہو کر ایف ٹی اے کو عملی جامہ پہنایا، جو کہ شاید دنیا میں پہلی بار اتنے کم وقت میں کامیاب ہوا ہے۔ اس کے لیے میں آپ کی قیادت، آپ کی حکومت اور آپ کی ٹیم کا دل کی گہرائیوں سے بہت بہت شکریہ ادا کرتا ہوں۔‘‘ وزیر اعظم مودی نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’’آج ہم اپنے تعلقات کو اسٹریٹجک شراکت داری کے رشتے میں پرو رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’’یہ سنگ میل ہمیں مزید توانائی اور زیادہ اعتماد کے ساتھ آگے بڑھنے کی ترغیب دے گا۔ مجھے یقین ہے کہ میرے اس دورے سے ہم اپنے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوطی دیں گے اور عالمی امن، استحکام اور سلامتی میں مل کر اپنا تعاون بڑھائیں گے۔‘‘
آکلینڈ میں بات چیت کے بعد، دونوں رہنماؤں کی موجودگی میں کئی اہم معاہدوں (ایم او یو) کا تبادلہ ہوا، جن کا مقصد مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا ہے۔ اس سے قبل وزیر اعظم نریندر مودی نے نیوزی لینڈ کے وزیر اعظم کرسٹوفر لکسن کے ساتھ دوطرفہ ملاقات کی۔ ساتھ ہی وزیر اعظم مودی کو آکلینڈ کے گورنمنٹ ہاؤس میں رسمی استقبالیہ تقریب کے دوران ’گارڈ آف آنر‘ بھی پیش کیا گیا۔










