بجلی چوری کے خطرے سے دوچار فیڈروں پر سخت نگرانی رکھیں۔ ایم ڈی کے پی ڈی سی ایل کی اِی ایز کو ہدایت

کے پی ڈی سی ایل کی طرف سے اِنسپکشن اور کنکشن منقطع کرنے کی مہم تیز

ایک دن میں صارفین سے 8 کروڑ روپے بقایا جات وصول کئے گئے۔ بلوں کی عدم ادائیگی پر 1,082 صارفین کے کنکشن منقطع

سری نگر//کشمیر پاور ڈسٹری بیوشن کارپوریشن لمیٹڈ (کے پی ڈی سی ایل) نے ہُکنگ ور بجلی چوری کے واقعات کی روکتھام کے لئے صوبہ کشمیر کے تمام اَضلاع میں اَپنی اِنسپکشن مہم کو مزید تیز کیا ہے۔تمام 19 الیکٹرک ڈویژنوں میں 566 مہمات چلائی گئیں اور ننگے کنڈکٹر پر تاریں لگانے اور میٹروں کو بائی پاس کرنے والوں پر 7.84 لاکھ روپے کا جُرمانہ عائد کیا گیا۔ دریں اثنا، بدھ کے روز 64 گھریلو ٹرانسفارمروں کو اوور لوڈِنگ کی وجہ سے نقصان پہنچانے کی بھی اطلاع ہے۔کے پی ڈی سی ایل کے ترجمان نے کئے گئے معائینہ کے بارے میں تفصیلات بتاتے ہوئے آج کہاکہ سرکلII سری نگر میں 183، سرکل I سری نگر میں 60، سرکل گاندربل میں 123، سرکل پلوامہ میں 71، سرکل بجبہاڑہ میں 35 اور سرکل سوپور میں 94 مہم چلائی گئیں۔ترجمان نے مزید بتایا کہ تین ماہ سے زائد عرصے سے واجبات کی عدم ادائیگی پر 1,082 گھریلو، کمرشل اور صنعتی کنکشن بھی منقطع کئے گئے۔ اِن میں 371 گھریلو، 549 کمرشل اور 157 صنعتی صارفین شامل ہیں۔کے پی ڈی سی ایل کے ترجمان نے صارفین پر زور دیا کہ وہ ڈسٹری بیوشن ٹرانسفارمروں کو اَپنا اثاثہ سمجھیں، تمام الیکٹرک ڈویژنوں میں 64 ڈسٹری بیوشن ٹرانسفارمروں کو نقصان پہنچا ہے۔ اُنہوں نے کہاکہ مکمل طور پر تباہ ہونے والے ٹرانسفارمروں کوپانپور میں سینٹرل ورکشاپ میں منتقل کیا جا رہا ہے، باقی کی مرمت ڈویژنل سطح کی ورکشاپوں میں کی جا رہی ہے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ کے پی ڈی سی ایل مقررہ وقت کے اَندر خراب ٹرانسفارمروںکو تبدیل کرنے کے لئے پُرعزم ہے۔کے پی ڈی سی ایل نے تمام گھریلو، تجارتی اور صنعتی صارفین پر زور دیا ہے کہ وہ اَپنے طویل عرصے سے زیر اِلتوأ توانائی کے واجبات ادا کریں بصورت دیگر بجلی منقطع ہونے کا سامنا کریں۔ اُنہوں نے کہا، ’’کارپوریشن زیر اِلتوا بقایا جات کی وصولی کے لئے سرگرمی سے کام کر رہا ہے اور صرف بدھ کو صارفین سے 8 کروڑ روپے جمع کئے گئے ہیں۔‘‘ اُنہوں نے مزید کہا کہ کے پی ڈی سی ایل حکومت کی طرف سے مقرر کردہ ریونیو وصولی کے ہدف کو حاصل کرنے کے لئے ہر ممکن کوشش کرے گا۔