Controller Legal Metrology visits HP Bottling Plant at Pampore-25

کنٹرولر لیگل میٹرولوجی نے پانپور میں ایچ پی بوٹلنگ پلانٹ کا دورہ کیا

کمپنی کی طرف سے اُٹھائے گئے سٹاک پوزیشن اور حفاظتی اَقدامات کا جائزہ لیا

سری نگر//کنٹرولر لیگل میٹرولوجی ڈیپارٹمنٹ ایم کے اے درابونے آج پانپور میں ہندوستان پیٹرولیم ( ایچ پی ) کے ایل پی جی بوٹلنگ پلانٹ کا دورہ کیا۔دورے کے دوران اُنہوں نے بوٹلنگ پلانٹ کے کام کاج کا جائزہ لیا اور کمپنی کے اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ معیاری آپریٹنگ طریقۂ کار پر عمل کریں جبکہ وادی میں مزید تقسیم کے لئے تقسیم کاروں کو فراہم کئے جانے والے ہر سلنڈر میں ایل پی جی کے مقررہ خالص مواد کو یقینی بنائیں ۔اُنہوں نے کمپنی کی طرف سے اُٹھائے گئے سٹاک پوزیشن اور حفاظتی اَقدامات کا بھی جائزہ لیا۔لیگل میٹرولوجی اَفسران نے گیس سے بھرے ایل پی جی سلنڈروں کے مختلف نمونوں کی خالص مواد کی جانچ کی جس میں 14.2کلو گرام خالص کوکنگ گیس ہے اور ہر سلنڈر پر سلنڈر کا وزن نمایاں طو رپر لکھا ہوا ہے۔اِس موقعہ پر جانکاری دی گئی کہ پلانٹ میں یومیہ بنیاد پر 12,000 ایل پی جی سلنڈر بھر ے جاتے ہیں۔انہیں یہ بھی بتایا گیا کہ کمپنی مختلف ڈیلروں کو سپلائی کرنے سے پہلے سیمپل نیٹ مواد کی جانچ کرتی ہے اور اِس کے پاس ہر برتن میں خالص مواد کو یقینی بنانے کے لئے اِن بُلٹ میکانزم موجود ہے۔یہ بھی بتایا گیا کہ پلانٹ میں ایل پی جی سلنڈر کے 2.5 لاکھ کے برابر سٹاک دستیاب ہیں جبکہ زائد اَز 50,000 ایل پی جی سلنڈر ٹرانزٹ میں ہیں۔کنٹرولر نے محکمانہ اَفسران سے سے کہا کہ وہ مزید جوش و جذبے کے ساتھ کام کریں اور مارکیٹ میں روزانہ کی خالص چیکنگ کو یقینی بنائیں تاکہ صارفین کو ملنے والے سلنڈر میں ایل پی جی کی صحیح مقدار ملے اور ضروری اشیاء کی دستیابی کے سلسلے میں کسی قسم کی تکلیف کا سامنا نہ کرنا پڑے۔