کمیونٹی ہیلتھ سینٹر حاجن میں مُفت میڈیکل کیمپ کا انعقاد

سرینگر/جمیل انصاری//گڈ گورننس ہفتہ کے تحت کمیونٹی ہیلتھ سنٹر حاجن نے جمعہ کو حاجن میں مفت میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ میڈیکل کیمپ کا باقاعدہ افتتاح چیف میڈیکل آفیسر بانڈی پورہ ڈاکٹر بشیر احمد، بی ایم او حاحن ڈاکٹر اعزاز احمد، چیئرمین ایم سی حاجی ارشاد احمد وانی اور دیگر سینئر ڈاکٹروں نے کیا۔سی ایم او بانڈی پورہ ڈاکٹر بشیر احمد نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ عام لوگوں کو صحت خدمات سے جوڑنے اور محکمہ صحت کی فائدہ مند اسکیموں کے بارے میں مستحقین تک پہنچنے کے لیے ہیلتھ کیمپس کا انعقاد ضروری ہے۔انہوں نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ صحت سے متعلق ہوشیار رہیں اور بروقت اپنے ٹیسٹ کروائیں اور علاج کروائیں۔ بہتر صحت ہمارا سب سے بڑا اثاثہ ہے۔اس موقعہ پر لوگوں کو سول رجسٹریشن سسٹم اسکیم اور صحت کی بہتر دیکھ بھال سے متعلق کئی دیگر سرکاری اسکیموں کے بارے میں بھی آگاہی دی گئی۔انہوں نے کہا کہ اس طرح کی تقریبات کے انعقاد سے عوام الناس کو محکمہ صحت میں دستیاب سہولیات کے بارے میں معلومات حاصل ہو سکیں گی اور وہ ان سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔ڈاکٹر بشیر نے کہاسی ایم او بانڈی پورہ نے اس موقع پر مستفید ہونے والوں میں گولڈن کارڈ تقسیم کئے۔دریں اثناء ایم سی حاجن کی جانب سے سی ایچ سی حاجن کے احاطے میں میگا صفائی مہم چلائی گئی۔نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے ایم سی کے چیئرمین ارشاد احمد وانی نے محکمہ صحت بالخصوص سی ایم او بانڈی پورہ، بی ایم او حاجن کا عام لوگوں کی بہتری کے لیے اس طرح کے پروگرام منعقد کرنے پر شکریہ ادا کیا۔انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ سرکاری اسکیموں میں حصہ لے کر فائدہ حاصل کریں۔