جاوید رانا نے وفود کو شکایات کے ترجیحی اَزالے کی یقینی دہانی کی
سری نگر// وزیر برائے جل شکتی، جنگلات وماحولیات اور قبائلی امور محکمہ جات جاوید احمد رانانے مختلف عوامی مفادات کی نمائندگی کرنے والے متعدد وفود سے ملاقات کی جنہوں نے اَپنے اَپنے علاقوں سے متعلق مختلف مسائل پر ان کی مداخلت کی درخواست کی۔کشمیر ٹمبر ایسو سی ایشن ( کے ٹی اے )کے ایک وفدنے وزیر کو ایک یادداشت پیش کی جس میں جموں و کشمیر کے تمام علاقوں میں لکڑی کی ٹرانسپورٹیشن اِی وے بل سسٹم کو یکساں طور پر نافذ کرنے میں ان کے مداخلت کی درخواست کی۔وفد نے وزیر کو آگاہ کیا کہ اگرچہ لکڑی کی ترسیل کے لئے روایتی ڈاکٹ سسٹم کو موجودہ قواعد و ضوابط کے مطابق اِی وے بل سے باضابطہ طور پر تبدیل کیا گیا ہے، تاہم بعض حکام اب بھی ترسیل کے دوران ڈاکٹ طرز کی دستاویزات کا تقاضا کر رہے ہیں۔ ایسوسی ایشن نے کہا کہ اس عدم مطابقت نے تاجروں اور ٹرانسپورٹروں میں الجھن پیدا کر دی ہے جس کے باعث غیر ضروری تاخیر اور صنعت کو شدید اِنتظامی مشکلات کا سامنا ہے۔اُنہوں نے وزیر سے اپیل کی کہ متعلقہ حکام کو واضح ہدایات جاری کی جائیں تاکہ ڈاکٹ سسٹم کی جگہ اِی وے بل کو یکساں طور پر تسلیم کیا جائے اور پورے خطے میں لکڑی کی تجارت کے ہموار عمل کو یقینی بنایا جا سکے۔وزیر موصوف نے وفدکو بغور سنا اور اس معاملے میں فوری مداخلت کی یقین دہانی کرتے ہوئے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ تمام ٹرانزٹ چیک پوسٹوں پر ای وے بل کا یکساں اور بغیر ابہام کے نفاذ یقینی بنایا جائے۔اِسی طرح مینڈھر سے آئے ایک اور وفد نے بھی وزیر سے ملاقات کی اور علاقے میں آبی سپلائی سہولیات کی بہتری اور دیگر بنیادی ڈھانچے کی ترقیاتی کاموں کی اَپ گریڈیشن کا مطالبہ کیا اور خطے کی ترقیاتی ضروریات پر فوری توجہ دینے کی اپیل کی۔ایک اور وفد بھی وزیرموصوف سے ملاقی ہوا اور مقامی سطح کے متعدد مسائل پیش کرتے ہوئے ان کے جلد اور ہمدردانہ ازالے کی درخواست کی۔وزیر نے تمام وفود بغور سُنا اور یقین دِلایا کہ حکومت عوام کی فلاح و بہبود کے لئے پوری طرح پُرعزم ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ وفود کی طرف سے پیش کئے گئے تمام جائز مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔










