کالعدم تنظیم جماعت اسلامی کی جائیدادوں کی ضبطی کاعمل جاری

مرحوم سید علی گیلانی کی برزلہ رہائش گاہ سمیت مزید20جائیدادیں سر بمہر

سری نگر//جموں و کشمیر کی ریاستی تحقیقاتی ایجنسی (SIA) نے ہفتہ کو یہاں کے برزلہ علاقے میں ایک مکان کو ضبط کیا جو علیحدگی پسند رہنما مرحوم سید علی شاہ گیلانی کے نام پر رجسٹرڈ تھا۔جبکہ سری نگر ، بڈگام، ماگام، پلوامہ، اونتی پورہ اور کولگام میں کالعدم تنظیم جماعت اسلامی کی کل20جائیدادوں کوضبط کیاگیا۔جے کے این ایس کوملی تفصیلات کے مطابق سری نگر کے برزلہ علاقے میں ضلع مجسٹریٹ سری نگرکی ہدایت پر ریاستی تحقیقاتی ایجنسی (SIA) نے تین املاک کوضبط کیا،جن میں وہ رہائشی مکان بھی شامل ہے ،جہاں مرحوم سیدعلی گیلانی حیدر پورہ منتقل ہونے تک رہائش پذیر تھے ۔ذرائع کا کہنا تھا کہ خیال کیا جاتا ہے کہ یہ جائیداد 1990 کی دہائی کے آخر میں جماعت اسلامی نے خریدی تھی اور یہ مرحوم سیدعلی گیلانی کے نام پر رجسٹرڈ تھی جو 2000 کے اوائل تک وہیں رہتے تھے جس کے بعد وہ شہر کے حیدر پورہ علاقے میں منتقل ہوئے تھے۔سرکاری ذرائع نے بتایاکہ برزلہ میں واقع جائیداد کو بعد میں امیر جماعت اسلامی کی رہائش گاہ کے طور پر استعمال کیا گیا۔ذرائع نے بتایاکہ ریاستی تحقیقاتی ایجنسی (SIA) نے برزلہ میں مرحوم سیدعلی گیلانی کی سابق رہائش گاہ کے علاوہ ایک اور مکان کو بھی ضبط کیا۔انہوںنے کہاکہ ضلع مجسٹریٹ سری نگر نے پہلے ہی جماعت اسلامی کی تین املاک کو سیل کرنے کا حکم دیا تھا جس میں2 منزلہ رہائشی ڈھانچے بھی شامل ہیں جن میں17 مرلہ ملکیتی اراضی برزلہ، سری نگر میں سید علی گیلانی کے نام درج ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ریاستی تحقیقاتی ایجنسی (SIA) کی کارروائی کالعدم تنظیم جماعت اسلامی کی متعدد جائیدادوں پر قبضے کا حصہ ہے۔سرکاری عہدیداروں نے بتایا کہ ریاستی تحقیقاتی ایجنسی (SIA) نے جموں وکشمیر بھر میں جماعت اسلامی کی188 جائیدادوں کی نشاندہی کی ہے جنہیں یا تو مطلع کیا گیا ہے یا مزید قانونی کارروائی کیلئے مطلع کرنے کے عمل کے تحت ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ معاملہ ایف آئی آر نمبر17 برائے2019زیرسیکشن 10،11اور13 پولیس اسٹیشن بٹہ مالو کی تحقیقات کا نتیجہ ہے جس کی ریاستی تحقیقاتی ایجنسی کی طرف سے تفتیش کی جا رہی ہے۔عہدیداروں نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد علیحدگی پسند سرگرمیوں کے لئے فنڈز کی دستیابی کو روکنا اور ملک دشمن عناصر اور ہندوستان کی خودمختاری کے مخالف دہشت گرد نیٹ ورکس کے ماحولیاتی نظام کو ختم کرنا ہے۔