گورنمنٹ بوائز ہائیر سکینڈری سکول زینہ کوٹ میں مختصر ڈرامہ پیش
سری نگر// محکمہ اطلاعات و تعلقاتِ عامہ (ڈِی آئی پی آر) کے کلچرل یونٹ کشمیر نے 100 روزہ نشہ مُکت ابھیان کے سلسلے میں گورنمنٹ بوائز ہائیر سیکنڈری سکول زینہ کوٹ سری نگرمیں منشیات کے مضر اثرات سے متعلق بیداری پیدا کرنے کے لئے ایک مؤثر مختصر ڈرامہ پیش کیا۔فنکاروں نے اپنی دلکش اور بامقصد پیشکش کے ذریعے منشیات کے اِستعمال کے اَفراد، کنبوں اور معاشرے پر پڑنے والے تباہ کن اَثرات کو اُجاگر کیا۔ ڈرامے میں اِنتظامیہ کی جانب سے منشیات کی لت کے خاتمے اورنشہ سے پاک معاشرے کے قیام کے لئے اُٹھائے جانے والے اَقدامات پر بھی روشنی ڈالی گئی۔اِس پروگرام کو طالب علموں کی جانب سے بھرپور پذیرائی حاصل ہوئی۔ طالب علموں نے بڑی تعداد میں شرکت کر کے نہ صرف ڈرامہ دیکھا بلکہ اس کے ذریعے دئیے گئے بیداری پیغام میں بھی گہری دلچسپی کا اِظہار کیا۔سکول کے پرنسپل اور عملے نے نوجوانوں میںبیداری پیدا کرنے کے لئے ایسے معلوماتی اور شعور بیدار کرنے والے پروگرام منعقد کرنے پر ڈِی آئی پی آر کی کاوشوں کو سراہا۔ اُنہوں نے اِس بات پر زور دیا کہ منشیات کے اِستعمال کی روکتھام اور طلبأ میں صحت مند طرزِ زِندگی کو فروغ دینے کے لئے مسلسل بیداری مہمات ناگزیر ہیں۔یہ پروگرام محکمہ کی اُن مسلسل کوششوں کا حصہ ہے جن کے ذریعے کشمیر بھر میں ثقافتی اور تعلیمی سرگرمیوں کے ذریعے ’نشہ مُکت ابھیان‘کے مقاصد کو فروغ دیا جا رہا ہے۔










