ڈانگری راجوری ملی ٹنٹ حملوں میں7شہریوں کی ہلاکت کے بعد سیکورٹی بڑھانے کے کثیرالجہتی اقدامات

VDGsکی صحیح تربیت ہونی چاہیے تاکہ صورتحال کامقابلہ کرسکیں:سی آر پی ایف انسٹرکٹر حوالدار لکشمن سنگھ

سری نگر// مرکزی ریزرو پولیس فورس (CRPF) جموں و کشمیر میں دیہی دفاعی کمیٹی کے محافظوں یا وی ڈی سی کو ہتھیاروں کی تربیت فراہم کرے گی تاکہ وہ دہشت گردانہ حملے کا بہتر طریقے سے مقابلہ کر سکیں۔ جے کے این ایس مانٹرینگ ڈیسک کے مطابق حکام نے پیر کونئی دہلی میں بتایاکہ تربیتی شیڈول کے ’حتمی شکل‘، ہتھیاروں کی مختلف اقسام اور شرکاء کی تعداد کا فیصلہ وقت کے ساتھ کیا جائے گا۔جموں و کشمیر انتظامیہ نے حال ہی میں گاؤں کے دفاعی محافظوں (VDGs) کو ہتھیار دوبارہ جاری کرنا شروع کئے ہیں، جو پہلے دیہی دفاعی کمیٹیوں (VDCs) کے نام سے جانا جاتا تھا۔ VDGsیعنی دیہی دفاعی محافظین مقامی گاؤں کے رضاکاروں پر مشتمل ہے۔حکام نے مزید کہاکہ سی آر پی ایف دیہی دفاعی محافظوں کو ہتھیاروں کی تربیت فراہم کرے گا تاکہ وہ دہشت گردانہ حملے کی صورت میں دفاعی لائن کے طور پر کام کر سکیں۔ سی آر پی ایف کے ایک سینئر افسر نے کہا کہ اس نئی تجویز کے طریقوں کی ابھی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر ضرورت پڑی تو رضاکاروں کو بنیادی جسمانی جنگی مشقوں کی تربیت بھی دی جائے گی۔یہ غیرمعمولی پیش رفت گزشتہ ہفتے راجوری ضلع کے ڈانگری گاؤں میں ہوئے 2 دہشت گردانہ حملوں کے بعد سامنے آئی ہے، جس میں2بچوں سمیت 7 افراد ہلاک اور11 دیگر زخمی ہوئے تھے۔سیکورٹی اور انتظامیہ کے عہدیداروں کے ایک اعلیٰ سطحی پینل نے اس حملے کے بعد سیکورٹی گرڈ کو مضبوط بنانے کے لئے راجوری اور پونچھ میں تقریباً 1800 اہلکاروں پر مشتمل سی آر پی ایف کی18 نئی کمپنیاں تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔حکام کے مطابق، فورس سے جموں خطے میں ابھرتے ہوئے دہشت گردی کے چیلنجوں اور جموں و کشمیر میں متوقع انتخابات کو مدنظر رکھتے ہوئے مختلف قسم کی داخلی سلامتی کی ذمہ داریاں ادا کرنے کے لیے بھی کہا جا سکتا ہے۔حکام نے بتایا کہ جموں و کشمیر انتظامیہ نے VDGs کو آئندہ یوم جمہوریہ کی تقریبات کے پیش نظر چوکس رہنے کو کہا ہے، اس خدشے کے درمیان کہ دہشت گرد جموں خطے میں پرامن ماحول کو خراب کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جموں، سانبہ اور کٹھوعہ اضلاع میں ہندوستان اورپاکستان بین الاقوامی سرحد کے ساتھ VDGs کو بھی فعال کیا گیا ہے۔دریں اثناء یکم جنوری کو راجوری ضلع میں عام شہریوں کی ہلاکتکے پیش نظر، مرکزی ریزرو پولیس فورس (CRPF) نے منگل کی صبح جموں و کشمیر پولیس کے ساتھ مل کر راجوری کے کنڈی علاقے میں دیہی دفاعی محافظوں (VDGs) کو ہتھیاروں کی تربیت فراہم کی۔ ملی تفصیلات کے مطابق سی آر پی ایف اور جموں و کشمیر پولیس نے یہ ٹریننگ راجوری ضلع کی تحصیل کوٹرنکا کے کنڈی علاقے میں شروع کی۔سی آر پی ایف کے ایک خصوصی انسٹرکٹر نے ضلع کے کوٹرنکا سب ڈویڑن میں واقع پیرپنجال رینج میں وی ڈی جیز کے ارکان یعنی دیہی دفاعی محافظوں کو تربیت دی۔حکام نے بتایاکہ VDGsکویہ تربیت اس لئے فراہم کی گئی تاکہ وہ کسی بھی دہشت گرد حملے کی صورت میں دفاعی لائن کے طور پر کام کر سکیں۔سی آر پی ایف اہلکاروں وافسروں نے وی ڈی جی ارکان کے ہتھیاروں کی مرمت بھی کی۔انسٹرکٹر، حوالدار لکشمن سنگھ جو سی آر پی ایف کی121ویں بٹالین سے تعلق رکھتے ہیں، نے کہاہے کہ ہتھیار جن لوگوں کو جاریکئے گئے ،ان کی صحیح تربیت ہونی چاہیے۔ انہوںنے کہاکہ ہمارے ساتھ رہنے اور تربیت کرنے سے یہ لوگ اچھی طرح سے تربیت یافتہ ہوں گے تاکہ دشمن کا مقابلہ کر سکیں۔سی آرپی ایف کے انسٹرکٹر کاکہناتھاکہ کچھ ہتھیاروں کو بھی مرمت کرنے کی ضرورت ہے۔ ان لوگوں کو ہتھیاروں کی مشق اور دشمن کو مشغول کرنے کی حکمت عملی کے بارے میں سکھایا جائے گا۔ حوالدار لکشمن سنگھ نے کہاکہ میں ان لوگوں یعنی VDGs کی لگن اور عزم پر حیران ہوں۔انہوںنے کہاکہ مجھے یقین ہے کہ اگر کوئی صورتحال پیدا ہوئی تو وہ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔تربیت کے لئے موجود وی ڈی جی ارکان نے بھی سی آر پی ایف کی کوششوں کی ستائش کی۔ایک VDGرُکن محمد عارف نے کہاکہ ہم CRPF سے اچھی تربیت حاصل کر رہے ہیں،اور ہم ملک کیلئے اپنی جانیں قربان کرنے کیلئے تیار ہیں۔ایک اور VDG ممبر، نصیب نے کہاکہ تربیت بہت مددگار ہے۔ انہوںنے کہاکہ ہمیں حقیقی طور پر اس کی ضرورت ہے،اور انسٹرکٹر نے ہمیں تمام تفصیلات فراہم کی ہیں۔تربیت کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے، ایک اور VDG رکن نے کہاکہ یہ تربیت کم از کم 10 دنوں تک جاری رہے گی۔ انہوںنے کہاکہ بہت سے لوگ بنیادی باتیں نہیں جانتے۔VDG رکن نے کہاکہ ہم اس تربیت کے لئے سی آرپی ایف اورپولیس کی مشترکہ ٹیم کے شکر گزار ہیں۔دریں اثنا، دیہی دفاعی محافظوں کو مضبوط کرنے اور ان کی فائرنگ کی مہارت کو تیز کرنے کی کوششوں کے ایک حصے کے طور پر فوج نے سندربنی سیکٹر میں مہادیو مینکا فائرنگ رینج میں رضاکاروں کیلئے ایک خصوصی فائرنگ پریکٹس سیشن کا انعقاد کیا۔حکام نے بتایا کہ ایل او سی کے ساتھ مختلف دیہاتوں سے50 سے زائدVDGs نے فائرنگ کی مشق سیشن میں حصہ لیا جو مقامی پولیس کے ساتھ مل کر منعقد کیا گیا تھا۔