سری نگر//ڈائریکٹر جنرل نیشنل کیڈٹ کور (این سی سی) لیفٹیننٹ جنرل وریندر وٹس نے آج وزیر برائے صحت و طبی تعلیم، سماجی بہبود اور تعلیم سکینہ اِیتو سے ملاقات کی اور انہیں جموں و کشمیر میں این سی سی کی طرف سے چلائے جا رہے پروگراموں اوررسائی سرگرمیوں سے آگاہ کیا۔دورانِ میٹنگ ڈائریکٹر جنرل نے نوجوانوں میں نظم و ضبط، قیادت، حب الوطنی اور سماجی خدمت کے جذبے کو فروغ دینے میں این سی سی کے کردار کو اُجاگر کیا۔ اُنہوں نے وزیر موصوفہ کو بتایا کہ یونین ٹیریٹری کے دُور دراز اور سرحدی علاقوں میں طلبأ کی زیادہ سے زیادہ شرکت یقینی بنانے کے لئے مختلف اَقدامات کئے جا رہے ہیں۔لیفٹیننٹ جنرل وریندر وٹس نے وزیر کو جموں و کشمیر میں این سی سی یونٹوں کی طرف سے جاری تربیتی پروگراموں، ایڈونچرسرگرمیوں، بیداری مہمات اور سماجی خدمت کے اَقدامات کے بارے میں بھی تفصیلی جانکاری دی۔ اُنہوں نے نوجوانوں کو بااِختیار بنانے اور کردار سازی کی سرگرمیوں کے ذریعے قوم کی تعمیر میں تنظیم کی کوششوں کو اُجاگر کیا۔اُنہوں نے جموں و کشمیر کے نوجوانوںبالخصوص لڑکیوں اور خواتین کی این سی سی میں شرکت کے بارے میں بھی وزیر کو آگاہ کیا۔سکینہ اِیتو نے نوجوانوں میں نظم و ضبط، اعتماد اور خدمت کے جذبے کو پروان چڑھانے میں این سی سی کے تعاون کی سراہنا کی۔ اُنہوں نے نوجوان طلباء کو شخصیت سازی، قائدانہ تربیت اور قومی یکجہتی کے مواقع فراہم کرنے پر تنظیم کی ستائش کی۔اُنہوں نے ڈائریکٹر جنرل کو یقین دِلایا کہ حکومت جموں و کشمیر میں نوجوانوں کی فلاح و بہبود کے لئے این سی سی کی مختلف سرگرمیوں کے اِنعقاد میں ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔وزیر موصوفہ نے نوجوانوں کو بااِختیار بنانے اور ان کی ہمہ جہت ترقی کو فروغ دینے کے لئے معاون اقدامات کے لئے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔اِس موقعہ پراے ڈی جی این سی سی میجر جنرل انو پیندر بھی موجود تھے۔










