چین نے ایران کو اسلحہ بھیجا تو اسے بڑے مسائل کا سامنا کرنا پڑے گا : ٹرمپ

واشنگٹن/ایجنسیز // امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اگر چین نے ایران کو اسلحہ فراہم کیا تو اسے ’بڑے مسائل‘ کا سامنا کرنا پڑے گا۔برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ سنیچر کو صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سی این این کی ایک رپورٹ پر ردعمل دے رہے تھے۔اس رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ امریکی انٹیلی جنس کا ماننا ہے کہ چین اگلے چند ہفتوں کے اندر ایران کو نئے فضائی دفاعی نظام فراہم کرنے کی تیاری کر رہا ہے۔سی این این نے نامعلوم ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ بیجنگ کندھے پر رکھ کر چلائے جانے والے اینٹی ایئر میزائل سسٹم، جنہیں ’مین پیڈز‘ کہا جاتا ہے، منتقل کرنے کی تیاری کر رہا ہے۔اس رپورٹ کے مطابق ایسے اشارے ملے ہیں کہ بیجنگ ان ترسیلات کی اصل جگہ کو چھپانے کے لیے انہیں تیسرے ممالک کے ذریعے بھیجنے پر کام کر رہا ہے۔ہفتہ کی سہ پہر وائٹ ہاؤس سے میامی روانگی کے وقت صحافیوں کے ایک گروپ سے بات کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا ’اگر چین ایسا کرتا ہے تو چین کو بڑے مسائل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔‘امریکی محکمہ خارجہ، واشنگٹن میں چینی سفارت خانے اور چین کی وزارت خارجہ نے ہفتہ کو روئٹرز کی جانب سے تبصرے کی درخواستوں کا کوئی جواب نہیں دیا۔امریکہ اور ایران کے درمیان ہفتہ کو پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں اعلیٰ سطح کے مذاکرات ہوئے جو کسی نتیجے پر پہنچے بغیر ختم ہو گئے۔