چیف سیکرٹری نے ڈیفنس سیکرٹری(ای ایس ڈبلیو)کے ساتھ سابق فوجیوں کیلئے فلاح و بہبود کے اَقدامات پر تبادلہ خیال کیا

چیف سیکرٹری نے ڈیفنس سیکرٹری(ای ایس ڈبلیو)کے ساتھ سابق فوجیوں کیلئے فلاح و بہبود کے اَقدامات پر تبادلہ خیال کیا

سری نگر//چیف سیکرٹری اَتل ڈولونے آج وزارتِ ڈیفنس سیکرٹری(اِی ایس ڈبلیو) ڈاکٹر نتن چندرا کے ساتھ جموں و کشمیر میں سابق فوجیوں کے لئے فلاحی سکیموں کی عمل آوری سے متعلق مسائل پر تفصیلی بات چیت کی۔میٹنگ میں پرنسپل سیکرٹری داخلہ چندرکر بھارتی اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔دوران بات چیت چیف سیکرٹری نے سابق فوجیوں کی فلاح و بہبود اور ریٹائرمنٹ کے بعد کے مواقع سے متعلق کئی اہم معاملات پر گفتگو کی۔ ان میں کیڈر کے مؤثر اِنتظام کے لئے جموں و کشمیر کے تمام سابق فوجیوں کا جامع ڈیٹا بیس مرتب کر کے اسے ڈیجیٹل شکل دینا تاکہ مؤثر کیڈر مینجمنٹ ممکن ہو،سرکاری ملازمتوں میں ’سابق فوجی کوٹا‘ کے تحت درخواست کی سہولیت آخری سروس کے سال میں ہی فراہم کرنا تاکہ شہری زِندگی میں آسانی سے منتقلی ہو،ریٹائرڈ اہلکاروں کو این سی سی ٹرینروں کے طور پر شامل کرنا تاکہ ان کے تجربے اور نظم و ضبط سے فائدہ اُٹھایا جا سکے، شامل ہیں۔چیف سیکرٹری نے ویر ناریوں (شہدأ کی بیواؤں) کے لئے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ اِس کے علاوہ ضلعی سطح پر سینک ویلفیئر بورڈ کے مؤثر کام کو بھی زیر غور لایا گیا۔ سروس سے متعلق مسائل کے حل کو آسان بنانے کے دیگر اقدامات بھی اس تفصیلی جائزے کا حصہ رہے۔اِس موقعہ پر ڈاکٹر نتن چندرا نے بالخصوص جموں و کشمیر سے تعلق رکھنے والے اہلکاروں کی خدمات کا ذکر کرتے ہوئے سابق فوجیوں کی بے مثال خدمات پر وزارت کی جانب سے دلی تشکر کا اظہار کیا۔اُنہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت ان کی فلاح و بہبود کے لئے پوری طرح پُرعزم ہے اور انہیں ریٹائرمنٹ کے بعد روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لئے مزید سکیمیں متعارف کی جائیں گی، نیز ان کے لئے مختص نوکریوں تک آسان رَسائی کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔چیف سیکرٹری اتل ڈولو نے سابق فوجیوں کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ قوم ان کی قربانیوں کی ہمیشہ مقروض رہے گی۔ اُنہوں نے یقین دِلایا کہ مقامی اِنتظامیہ سابق فوجیوں کے مسائل کو ہمدردی سے دیکھتی ہے اور ان کی فلاح و بہبود اور با وقار زِندگی کے لئے فعال اقدامات جاری رکھے گی۔