سرینگر// چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے آج سرینگر شہر کا ایک وسیع دورہ کیا تا کہ فورشور روڈ ، نشاط ، شالیمار اور زیرو برج پر سرینگر سمارٹ سٹی لمٹیڈ ( ایس ایس سی ایل ) کے مختلف کاموں کا معائینہ کیا ۔ ان کے ساتھ ڈویژنل کمشنر کشمیر وجے کمار بدھوری ، ڈپٹی کمشنرسرینگر محمد اعجاز اسد ، وی سی ایل سی ایم اے ، ایس ایس سی ایل ، آر اینڈ بی اور دیگر محکموں کے افسران بھی تھے ۔ سن سیٹ پوائینٹ ( ڈل جھیل ) پر جاری کام کا معائینہ کرتے ہوئے چیف سیکرٹری نے متعلقہ افراد کو تفریحی ملٹی یوٹیلیٹی زون کو عوامی استعمال کیلئے تیار کرنے کیلئے 31 اکتوبر تک بیٹھنے کے انتظامات سمیت زیر التوا کام مکمل کرنے کی ہدایت دی ۔ ڈاکٹر مہتا نے نشاط کا بھی دورہ کیا جہاں انہوں نے ڈل جھیل کی حدود میں فُٹ پاتھ کی پینٹنگ کے علاوہ پارکنگ کی جگہ پر ٹائل لگانے کے کام کا معائینہ کیا ۔ انہوں نے ایس ایس سی ایل کے افسران کو 31 اکتوبر سے پہلے مکمل کرنے کی ہدایت دی کیونکہ موجودہ کام کے سیزن کا زیادہ تر وقت جاری ترقیاتی عمل میں صرف ہوتا ہے ۔ اپنے شالیمار کے دورے کے دوران انہوں نے مین روڈ کے درمیان میں پڑے بجلی کے کھمبوں کو ہٹانے اور سڑک کے درمیانی حصے کو خوبصورت بنانے کی ہدایت دی ۔ اس موقع پر علاقہ کے تاجروں نے چیف سیکرٹری سے درخواست کی کہ باغ کے اندر تزئین و آرائش کا کام مکمل کرنے کی ہدایت دی جائے تا کہ وہاں سیاحوں کی آمدورفت میں اضافہ ہو سکے ۔ دریں اثنا ڈاکٹر مہتا نے ایس ایم سی کو شالیمار گارڈن اور دیگر عوامی مقامات اور سیاحتی مقامات کے قریب سیاحوں کی سہولیات کیلئے موبائل ٹوائلٹ لگانے کی ہدایت دی ۔ انہوں نے اس سال نومبر تک تمام کام مکمل کرنے کی ہدایت دی ۔ زیرو برج کے دورے کے دوران چیف سیکرٹری نے متعلقہ اداروں کو جہلم بند پر آلودگی کو دور کرنے کیلئے بجلی کی تاروں کو زیر زمین نالیوں کے ذریعے زیر زمین ڈالنے کی ہدایت دی ۔ انہوں نے بہتری کے کاموں کی آخری تاریخ رواں ماہ کے آخر تک مقرر کی۔ مزید براں متعلقہ افسران کو عبداللہ پل کے نیچے کار پارکنگ کی ترقی کو تیز کرنے اور جاری کام اکتوبر کے اختتام سے قبل مکمل کرنے کی ہدایت دی گئی ۔ ڈولڈمب اور فور شو روڈ پر دیگر کاموں کے بارے میں ڈاکٹر مہتا نے افسروں پر زور دیا کہ اسے اس سال نومبر کے آخر تک بغیر کسی ناکامی کے عوام کیلئے وقف کر دیا جائے ۔ ڈویژنل انتظامیہ کی طرف سے چیف سیکرٹری کو یقین دلایا گیا کہ تمام کام مقررہ مدت کے اندر مکمل کر کے جلد از جلد عوام کیلئے وقف کر دئیے جائیں گے ۔










