چیف سیکرٹری نے نبارڈ کے تحت منصوبوں کی فنڈنگ اور رفتار کا جائزہ لیا

جموں//چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے جموںوکشمیر میں نبارڈ کے فنڈڈ پروجیکٹوں کے تحت حصولیابی کاجائزہ لینے کے لئے ایک میٹنگ کی صدارت کی۔میٹنگ میں پرنسپل سیکرٹری جل شکتی ، پرنسپل سیکرٹری پی ڈبلیو ڈی ، ڈی جی بجٹ ، ڈائریکٹر فائنانس سی جی نبارڈ ، ڈی جی ایم نبارڈ ، محکمہ اینمل ہسبنڈری اور زراعت کے نمائندے موجود تھے۔اِس موقعہ پر ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے محکموں سے کہا کہ وہ اِس مالی برس کے آخیر تک 1,500 کروڑ روپے کی پوری رقم کے مکمل اِستعمال کو یقینی بنائیں تاکہ عوامی اِفادیت کے دیر پا اثاثے پیدا ہوں ۔ اُنہوں نے متعلقہ محکموں سے اَب تک جمع کئے گئے یوٹیلائزیشن سرٹیفکیشن اور کام کئے گئے کلیمز کے بارے میں دریافت کیا۔چیف سیکرٹری نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ ایک ہفتہ کے اَندر اَندر خلا کو دُور کرنے کے لئے منصوبہ بندی کریں۔ اُنہوں نے ان پر زور دیا کہ وہ ان منصوبوں کو ترجیح دیں جو بجٹ کے اِس حصے کے تحت شروع کئے جائیں جہاں فنڈنگ کے دیگر ذرائع دستیاب نہیں ہیں۔ اُنہوں نے مطالبہ کے مطابق کاموں کی سختی سے نشاندہی کرنے پر زور دیا تاکہ زیادہ سے زیادہ اخراجات نتیجہ خیز ہوں۔ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے کارکردگی کو تشخیص کا واحد معیار بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ اُنہوں نے زمینی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لئے اِنڈینٹنگ ڈیپارٹمنٹ ، اِنٹرمیڈیری ( محکمہ خزانہ ) اور فنڈنگ ایجنسی کے درمیان ہم آہنگی بڑھانے کی بھی ہدایت دی۔چیف سیکرٹری نے کہا کہ عوامی جائز مطالبات کو پورا کرنے کے لئے ان کے پاس کافی وسائل ہیں ۔اُنہوں نے اَفسران سے کہا کہ وہ کسی بھی نئے پروجیکٹ کی فنڈنگ کے لئے ایک مناسب طریقہ کار کو ترتیب دئیے گئے الگورتھم کی بنیاد پر بنائیں۔ اُنہوں نے اُنہیں یہ بھی مشورہ دیا کہ وہ نبارڈ کے تحت اسپریشنل پنچایت یا اسپریشنل قصبوں کے تحت کئے گئے مطالبات کو پورا کرنے پر غور کریں ۔ اُنہوں نے محکمہ خزانہ سے کہا کہ وہ قرض لینے کے دیگر اِختیارات جیسے آر بی آئی وغیرہ کو تیز اور بروقت فنڈنگ کے لئے تلاش کرے۔میٹنگ میں یہ بھی بتایا گیا کہ موجودہ مالی برس کے لئے 1,500 کروڑ روپے کا معیاری مختص جموںوکشمیر کے لئے دیہی بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کو مکمل کرنے کے لئے منظور کیا گیا ہے ۔ ان میں دیہی سڑکیں اور پُل ، واٹر سپلائی سکیمیں اور زراعت اور اینمل ہسبنڈری کے منصوبے شامل ہیں۔ میٹنگ میں مزید بتایا گیا کہ سینکڑوں کروڑ کے پروجیکٹ پہلے ہی نبارڈ کو منظور ی کے لئے بھیجے جاچکے ہیں۔میٹنگ میں تمام منظور شدہ رقوم کو مؤثر طریقے سے اِستعمال کرنے کے لئے محکموں کی صلاحیت کو بڑھانے کے طریقوں پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ میٹنگ میں کہا گیا کہ ایک بار جب یہ پروجیکٹ مکمل ہوجائیں گے تو جموںوکشمیر یوٹی کو ترقی کی راہ پر گامزن کرے گا جیسا کہ ایل جی اِنتظامیہ نے تصور کیا ہے۔