چیف سیکرٹری نے محکمہ قانون کی ’ سٹیزن سینٹرک سروسز ‘ کا جائزہ لیا

شراکت داروں کی آرأ شامل کرنے کے بعد جلد شروع کرنے پر زور

سری نگر//چیف سیکرٹری اَتل ڈولو نے محکمہ قانون، اِنصاف و پارلیمانی امور کے’سٹیزن سینٹرک سروسز ‘ کے منصوبے پر ایک اعلیٰ سطحی جائزہ میٹنگ کی صدارت کی۔میٹنگ کا مقصد اَب تک کی پیش رفت کا جائزہ لینا اور جموں و کشمیر کے عوام کے فائدے کے لئے اِس منصوبے کا بروقت آغاز یقینی بنانا تھا۔سیکرٹری قانون، اِنصاف و پارلیمانی امور اَچل سیٹھی نے ڈیجیٹل پلیٹ فارم کی ترقی کے بارے میں ایک تفصیلی پیش رفت پیش کی، جو کہ ایک ویب پورٹل اور موبائل ایپلی کیشن پر مشتمل ہے۔میٹنگ میں سیکرٹری آئی ٹی ڈاکٹر پیوش سنگلا، سی اِی او جے اے کے اِی جی اے مہیمامدن، محکمہ قانون کے سینئر اِفسران اور بی آئی ایس اے جی۔این کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔چیف سیکرٹری نے جاری کام پر اطمینان کا اِظہار کیا اور مقررہ وقت میں خدمات کے جلد آغاز کی ضرورت پر زور دیا۔ اُنہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ شفافیت، رَسائی اور قانونی خدمات کی فراہمی میں بہتری لانے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے جبکہ شہریوں کے لئے قانونی اِمداد اور مشورہ جیسی اہم خدمات تک رَسائی کو آسان بناتا ہے۔اُنہوں نے کہا کہ یہ پلیٹ فارم حکومت کے قانونی اِختیار بنانے، جامع طرز ِحکمرانی اور شہر یوں پرمبنی خدمات کی فراہمی کے لئے حکومت کے عزم کا عکاس ہے ۔اُنہوں نے مزید کہا کہ یہ ملک کے دیگر خطوںکے لئے ایک ماڈل کے طور پر بھی کام کر سکتا ہے۔چیف سیکرٹری نے شمولیت کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے محکمہ کو ہدایت دی کہ وہ قانونی ماہرین بالخصوص جموں و کشمیر اور لداخ ہائی کورٹ سے قیمتی معلومات حاصل کریں اور اُن کی تجاویز کو شامل کریں تاکہ یہ تمام شراکت داروں کے لئے مزید جامع اور فائدہ مند ثابت ہوں۔یہ ’سٹیزن سینٹرک سروسز ‘کا اَقدام دس مربوط ماڈیولز پر مشتمل ہے جن کا مقصد عوام کی قانونی خدمات تک رَسائی کو آسان بنانا ہے۔ اہم خصوصیات میں قانونی اِمداد اورمشورہ ماڈیول شامل ہے جو شہریوں کو لیگل ایڈ کونسلوں اور پرو بونو کونسلز سے جوڑتا ہے، مرکزی اور یو ٹی قوانین، قواعد، نوٹیفیکیشن اور اہم عدالتی فیصلوں تک رسائی فراہم کرتا ہے اور عدالتی مقامات اور مقدمات کی اصل حالت کے بارے میں معلومات دیتا ہے۔پلیٹ فارم پر موجود دیگر خدمات میں نوٹریز، اوتھ کمشنروں، دستاویزات، اور شادی کی رجسٹریشن سے متعلق سہولیات شامل ہیں۔ پورٹل پر اَرکان قانون ساز اور قانون سازی کے معاملات کی تفصیلات بھی دستیاب ہوں گی اور عوام کو مجوزہ قوانین پر رائے دینے کا موقع بھی فراہم کیا جائے گا۔ اِس کے علاوہ یہ قانونی تعلیم و کیریئر سے متعلق رہنمائی، اِبتدائی قانونی معاونت کے لئے اے آئی پر مبنی چیٹ بوٹ اور شکایات کے اَزالے و رائے دینے کا نظام بھی فراہم کرے گا۔چیف سیکرٹری نے تمام متعلقہ اِداروں کو ہدایت دی کہ وہ قریبی ہم آہنگی کے ساتھ کام کریں تاکہ کوئی بھی تکنیکی یا اِنتظامی رُکاوٹ دور کی جا سکے اورشیڈول کے مطابق پلیٹ فارم کی تیاری کو یقینی بنائیں۔ اُنہوں نے لوگوںمیں بیداری مہم کی اہمیت پر بھی زور دیا تاکہ شہری خدمات سے بخوبی واقف ہوں اور ان سے بھرپور فائدہ اُٹھا سکیں۔محکمہ نے یقین دہانی کی کہ مقررہ وقت میں پلیٹ فارم کو شہری دوست اور مؤثر انداز میں فعال بنانے کے لئے تمام ضروری اقدامات کئے جا رہے ہیں۔