چیف سیکرٹری نے جموںوکشمیر میں فلاحی سکیموں کی مکمل عمل آوری پر زور دیا

سری نگر//چیف سیکرٹری اَتل ڈولو نے متعلقہ اِنتظامی سیکرٹریوں کی اعلیٰ سطحی جائزہ میٹنگ کی صدارت کی جس میں جموں و کشمیر کے مختلف محکموں کی طرف سے عملائی جا رہی اِنفرادی مستفیدین پر مبنی سکیموں کی عمل آوری اور ان کی تکمیل کا جائزہ لیاگیا۔دورانِ میٹنگ چیف سیکرٹری نے اِس بات پر زور دیا کہ لوگوں تک فعال طور پر پہنچ کر اور مختلف ذرائع سے بڑے پیمانے پربیداری پیدا کر کے تمام اہل مستفیدین تک فلاحی سکیموں کا مکمل فائدہ پہنچایا جائے۔اَتل ڈولو نے تمام متعلقہ محکموںپر زور دیاکہ وہ مقررہ اہداف اور مختلف سکیموں کے تحت پہلے سے شامل استفادہ کنندگان کے درمیان فرق کو ختم کریں اور مربوط کوششوں کے ذریعے ان سکیموں کے فوائد وقت پر اہل مستفید تک پہنچائے جائیں۔اُنہوں نے نچلی سطح تک رسائی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے تمام اہل اَفراد اور گھرانوں کی نشاندہی اور اندراج کے لئے ٹھوس ایکشن پلان تیار کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ اُنہوں نے کہا کہ یہ اِنتظامیہ کی ذِمہ داری ہے کہ ہر مستحق شخص کو اس کا حق ملے اور کسی بھی اہل شخص کو محروم رکھنا عوام کے ساتھ نااِنصافی ہوگی۔چیف سیکرٹری نے مزید کہا کہ محکمے اپنی متعلقہ سکیموں کا وقتاً فوقتاً جائزہ لیں اور ہر اِنتظامی سطح پر قابلِ پیمائش اہداف مقرر کریں تاکہ تمام اہل مستفیدین تک فوائد منظم اور مؤثر انداز میں پہنچائے جا سکیں۔اِس سے قبل کمشنر سیکرٹری منصوبہ بندی ، ترقی و نگرانی محکمہ آر ایلس ویز نے میٹنگ کو جانکاری دِی کہ اس وقت یونین ٹیریٹری میں 18 محکموں کے ذریعے مجموعی طور پر 66 مستفیدین پر مبنی سکیمیںعملائی جا رہی ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ یہ سکیمیں لوگوں کوبراہِ راست فائدہ پہنچانے اور ان کی سماجی و اِقتصادی بہبود کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرنے کے لئے ڈیزائن کیا گیا ہے۔کمشنر سیکرٹری نے تفصیلی پرزنٹیشن دیتے ہوئے ہر سکیم کے تحت ہدف مستفید گروپوں اور نقد منتقلی ،غذائی تحفظ، رہائشی سہولیت، صحت خدمات، تعلیمی اِمداد اور روزگار کے فروغ سے متعلق اقدامات کی نوعیت کا خاکہ پیش کیا۔میٹنگ کوجانکاری دی گئی کہ زیر عمل66 سکیموں میں سے 21 سماجی بہبود محکمہ، 8 محکمہ صحت، سات سات محکمہ زرعی پیداوار، محکمہ دیہی ترقی اور محکمہ سکولی تعلیم، 3 محکمہ قبائلی امور جبکہ باقی سکیمیں دیگر محکموں کے ذریعے عملائی جا رہی ہیں۔میٹنگ میں کئی اہم سکیموں کا جائز ہ لیا گیا جن میں محکمہ زراعت کی پردھان منتری فصل بیمہ یوجنا (پی ایم ایف بی وائی)، پی ایم کسان اور سب مشن آن ایگری کلچرل میکانائزیشن (ایس ایم اے ایم)، محکمہ اینمل ہسبنڈری کی نیشنل لائیو سٹاک مشن، محکمہ باغبانی کی پی ایم فارملائزیشن آف مائیکرو فوڈ پروسسنگ انٹرپرائزز (پی ایم ایف ایم اِی) سکیم، محکمہ خوراک و رسدات کی ون نیشن ون راشن کارڈ پہل، محکمہ دیہی ترقی کی پی ایم اے وائی۔گرامین اور حمایت، پی ایم سوریہ گھر یوجنا، پی ایم وشوکرما اور سماجی بہبود محکمہ کی مختلف سکالر شپ اور پنشن سکیمیں شامل ہیں۔میٹنگ میں محکمہ صحت، محکمہ سکولی تعلیم اور محکمہ سکل ڈیولپمنٹ کی طرف سے عملائی جا رہی سکیموں کا بھی جائزہ لیا گیا جن کا مقصد صحت کے اشاریوں میں بہتری، تعلیمی مواقع کو بڑھانا اور جموں و کشمیر کی آبادی میں ہنر مندی کی ترقی کو تقویت دینا ہے۔چیف سیکرٹری نے اِس بات کا اعادہ کیا کہ ہدفی رسائی، باقاعدہ نگرانی اور عوامی بیداری ان سکیموں کی مکمل اِفادیت کے حصول اورپورے یونین ٹیریٹری میں ہر اہل شہری تک مطلوبہ فوائد پہنچانے کی کلید ہے۔