پہلگام میں بیٹے کو بچاتے ہوئے والد غرقاب

تیز بہاؤ میں بہہ جانے والے شخص کی تلاش کیلئے ریسکیو آپریشن جاری

سرینگر// یو این ایس//جنوبی کشمیر کے سیاحتی مقام پہلگام میں ایک دلخراش واقعہ پیش آیا جہاں اپنے بیٹے کو بچانے کی کوشش کے دوران ایک 42 سالہ شخص دریائے لیدر میں ڈوب گیا۔ لاپتہ شخص کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔سرکاری ذرائع کے مطابق محمد اشرف میر ولد غلام محی الدین میر، ساکن جواہر نگر سری نگر، جو نجی شعبے میں اے سی مکینک کے طور پر کام کرتے تھے، اتوار کو اپنے اہل خانہ کے ہمراہ تفریح کی غرض سے پہلگام آئے ہوئے تھے۔اطلاعات کے مطابق خاندان لنگن بل علاقے میں واقع کولہوئی گرین ہوٹل کے نزدیک دریائے لیدر کے کنارے تصاویر بنا رہا تھا کہ اسی دوران ان کا بیٹا فہد اچانک پھسل کر دریا کے تیز بہاؤ میں جا گرا۔ بیٹے کو بچانے کی کوشش میں محمد اشرف میر فوراً دریا میں کود پڑے، تاہم وہ خود بھی توازن برقرار نہ رکھ سکے اور پانی کے تیز ریلے میں بہہ گئے۔یو این ایس کے مطابق موقع پر موجود مقامی لوگوں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے لڑکے کو بحفاظت باہر نکال لیا، تاہم محمد اشرف میر پانی کی موجوں کی نذر ہوگئے اور ان کے ڈوب جانے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔واقعہ پیش آنے کے فوراً بعد مقامی انتظامیہ اور متعلقہ محکموں نے ریسکیو آپریشن شروع کیا۔ اسٹیٹ ڈیزاسٹر ریسپانس فورس کی ٹیموں کو جائے وقوعہ پر تعینات کیا گیا ہے جبکہ رافٹنگ ٹیمیں بھی تلاش مہم میں شامل ہیں۔حکام کے مطابق لاپتہ شخص کا سراغ لگانے کے لیے وسیع پیمانے پر تلاش جاری ہے، تاہم آخری اطلاعات موصول ہونے تک ان کا کوئی پتہ نہیں چل سکا تھا۔ ریسکیو کارروائی بدستور جاری ہے اور مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔