سری نگر//پیرکورات دیر گئے پہلگام اور سونہ مرگ میں ہلکی برف باری کے باوجود کشمیروادی ،خطہ پیرپنچا ل اوروادی چناب کے ساتھ ساتھ جموں بھی سخت سردی کی لپیٹ میں ہے۔پیر اور منگل کی درمیانی رات سری نگراورکپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی4.8ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈکیاگیاجبکہ پہلگام اور گلمرگ میں شبانہ پارہ بالترتیب منفی6.7اور5.9ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈکیاگیا۔اُدھر کم سے کم درجہ حرارت 2.5ڈگری سینٹی گریڈ کیساتھ جموں میں رواںموسم کی سردترین رات درج ہوئی ۔جے کے این ایس کے مطابق جموں و کشمیر شدید سردی کی لپیٹ میں ہے،اورکشمیروادی کے ساتھ ساتھ خطہ پیرپنچا ل ،وادی چناب اور جموں بھی سردی کی لہر برقرار ہے ۔محکمہ موسمیات کے ایک اہلکار نے بتایا کہ سری نگر میںاتوار اورپیر کی درمیانی رات کے درجہ حرارت منفی 3.5 ڈگری کے مقابلے میں پیر اور منگل کی درمیانی رات درجہ حرارت میں1.3 ڈگری سینٹی گریڈ کی کمی ریکارڈ کی گئی،جوی4.8ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈکیاگیا،اوریہ معمول سے2.7 ڈگری سینٹی گریڈ کم تھا۔ سری نگر میں اس سیزن میں اب تک کا سب سے کم سے کم درجہ حرارت25 دسمبر کو دیکھا گیا جب پارہ منفی5.8 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا۔انہوں نے کہا کہ پہلگام میںپیر اور منگل کی درمیانی رات کم سے کم درجہ حرارت منفی6.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو اتوار اورپیر کی درمیانی رات منفی5.6 ڈگری سینٹی گریڈ تھا۔ محکمہ موسمیات کے اہلکار نے کہا کہ پیرکورات دیر گئے سے منگل کی صبح تک 3.7سینٹی میٹر برفباری ریکارڈ کی گئی۔انہوں نے کہا کہ کوکرناگ میں اتوار اور پیرکی درمیانی رات منفی 2.5 ڈگری سینٹی گریڈ کے مقابلے میں پیر اور منگل کی درمیانی رات درجہ حرارت منفی2.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔محکمہ موسمیات کے عہدیدار نے بتایا کہ گلمرگ میں پیر اور منگل کی درمیانی رات درجہ حرارت کم سے کم درجہ حرارت منفی 5.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ کپواڑہ قصبے میں پیر اور منگل کی درمیانی رات درجہ حرارت منفی 4.8 ڈگری سینٹی گریڈ رہا،جومعمول سے 2.3 ڈگری سینٹی گریڈ کم تھا۔محکمہ موسمیات کے عہدیدار نے بتایا کہ قاضی گنڈ میں گزشتہ رات کم سے کم درجہ حرارت منفی3.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا،جومعمول سے 1.3 ڈگری سینٹی گریڈ کم تھا۔محکمہ موسمیات کے حکام نے بتایاکہ گرم پتھری کہلانے والے جموں شہرمیں پیر اورمنگل کورواںموسم کی سردترین رات ریکارڈکی گئی ،کیونکہ رات کاکم سے کم درجہ حرارت 2.5ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ معمول سے4.9 ڈگری سینٹی گریڈ کم تھا ۔انہوں نے مزیدکہاکہ پیر اور منگل کی درمیانی رات بانہال میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 1.9ڈگری سینٹی گریڈریکارڈکیاگیاجبکہ بٹوٹ رات کاپارہ 2.2،، کٹرا میں 6.9اوربھدرواہ میں منفی 0.2ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ خیال رہے کشمیر چلہ کلان کی زد میں ہے،21 دسمبر کو شروع ہونے والا 40 دن کا سخت سردی کا دورانیہ اپنے ابتدائی دور میں ہے، اس کا مطلب سردیوں کا خاتمہ نہیں ہے۔دریں اثناء محکمہ موسمیات نے کہاکہ 30دسمبر تک، عام طور پر ابر آلود موسم کی توقع ہے تاہم29اور30دسمبر کی درمیانی رات شمالی، شمال مغربی اور وسطی کشمیر کے اونچے علاقوں میں الگ تھلگ جگہوں پر وقفے وقفے سے ہلکی برفباری کی توقع ہے۔










