پچھلے سال فیروز پور میں پی ایم مودی کی حفاظت میں خامی

خلاف ورزی کرنے پر بھٹنڈہ کے ایس پی کو معطل کر دیا گیا تھا

سری نگر//سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس پی) گورویندر سنگھ سانگا، جو 5 جنوری 2022 کو فیروز پور میں وزیر اعظم نریندر مودی کے قافلے کی حفاظت کی خلاف ورزی کے وقت ڈیوٹی پر تھے، کو معطل کر دیا گیا ہے۔کشمیر نیوز سروس ڈیسک کے مطابق واقعہ کے وقت گرویندر سانگا فیروز پور کے ایس پی کے طور پر انچارج تھے۔ اس واقعے کے بعد سخت تحقیقات کا آغاز کیا گیا اور اب گزشتہ سال پیش آنے والے کیس میں کارروائی کی گئی ہے۔پنجاب کے ڈی جی پی کی رپورٹ کے مطابق، ‘‘گرویندر سنگھ سانگا کو ڈیوٹی میں غفلت برتنے پر معطل کیا گیا ہے۔ گورویندر سنگھ اس وقت ایس پی آپریشن، فیروز پور تھے۔ گورویندر سنگھ اس وقت بھٹنڈہ میں تعینات ہیں۔سپریم کورٹ نے اگست میں کہا تھا کہ اس کی طرف سے مقرر کردہ پانچ رکنی کمیٹی نے کہا ہے کہ فیروز پور ایس ایس پی اپنی ڈیوٹی ادا کرنے میں ناکام رہے، حالانکہ5 جنوری کو وزیر اعظم نریندر مودی کے دورہ پنجاب کے دوران کافی فورس دستیاب تھی۔چیف جسٹس این وی رمنا اور جسٹس سوریہ کانت اور ہیما کوہلی کی بنچ نے کمیٹی کی رپورٹ پڑھتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ کی سابق جج جسٹس اندو ملہوترا کی سربراہی میں قائم کمیٹی نے کہا کہ بلیو بک پر وقتاً فوقتاً نظرثانی کے لیے ایک نگرانی کمیٹی ہونی چاہیے۔ ‘فیروز پور کے ایس ایس پی امن و امان برقرار رکھنے کے لیے اپنی ذمہ داری نبھانے میں ناکام رہے۔ وہ ایسا کرنے میں ناکام رہے حالانکہ کافی فورس موجود تھی اور حالانکہ انہیں دو گھنٹے پہلے مطلع کیا گیا تھا کہ وزیر اعظم اس راستے میں داخل ہوں گے۔وزیر اعظم جنوری 2022میں پنجاب کے فیروز پور جاتے ہوئے 15-20 منٹ کے لیے ایک فلائی اوور پر پھنس گئے تھے کیونکہ کچھ مظاہرین کی جانب سے سڑک کو روک دیا گیا تھا۔ وزارت داخلہ نے اسے اپنی سیکورٹی میں ایک “بڑی کوتاہی” قرار دیا۔