پونچھ//محکمہ سماجی بہبود نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ یاسین ایم چودھری کی ہدایت پر منشیات کے اِستعمال کے خلاف بین الاقوامی دن 2024 ء کی مناسبت سے ضلع پونچھ میں ’’ ڈرگ فِری اِنڈیا‘‘ کے پیغام کو فروغ دینے اور بیداری پھیلانے کے لئے متعدد تقریبات کا اِنعقاد کیا۔دِن بھر کے پروگراموں کا آغاز سٹی فارسٹ پونچھ میں شجرکاری مہم سے ہوا۔بعد ازاں ،محکمہ سماجی بہبود نے محکمہ جنگلات کے اِشتراک سے سٹی فارسٹ پونچھ میں ہائیکنگ مہم کو ہری جھنڈی دِکھا کر روانہ کیا۔ ہائیکنگ مہم کو ڈِسٹرکٹ سوشل ویلفیئر آفیسر وکیل احمد بٹ اور ڈویژنل فارسٹ آفیسر نوید اقبال نے پروفیسر سرفراز میر، پروفیسر اورنگزیب، چیئرمین چائلڈ لیبر اور دیگر افسران کی موجودگی جھنڈی دِکھا کر روانہ کیا۔دن بھرکے پروگرام کے دوران منڈی، مینڈھر اور سیری خواجہ ثنائی اور سرنکوٹ میں عوامی ریلیوں، بیداری پروگاموں اور کرکٹ میچوں سمیت متعدد سرگرمیوں کا اِنعقاد کیا گیا جس میں 1,200 سے 1,500 نوجوان اور سول سوسائٹی کے ممبران نے شرکت کی۔پبلک ٹرانسپورٹ کی گاڑیوں پر تقریبا ًپانچ ہزار سٹیکرز چسپاں کئے گئے تھے جن پر ’’منشیات کو نہ کہو‘‘ کا پیغام درج تھا۔ہائی سکول سنائی میں ’’نشا مکت بھارت ابھیان‘‘کے موضوع کے تحت ایک بیداری ریلی نکالی گئی۔ڈی سی آفس، ایس ڈی ایم آفس مینڈھر اور سرنکوٹ میں نوجوانوں کے لئے کونسلنگ سیشن، مصوری مقابلہ اور دستخطی مہم بھی چلائی گئی جس میں نوجوانوں اور عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔تقریباً 200-250 نوجوانوں نے ہائیکنگ سرگرمی میں حصہ لیا جن میں نوجوان اُبھرتے ہوئے تائیکوانڈو کھلاڑی بھی شامل تھے۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر طاہر مصطفی ملک نے ایک میڈیا بیداری وین کو ہری جھنڈی دِکھا کر روانہ کیا جو این ایم بی اے مہم ے پیغام کو پھیلانے کے لئے ضلع بھر کا دورہ کرے گی۔پروگرام کے ایک حصے کے طور پر اِنسداد منشیات کے عہد کی تقریبات بھی منعقد کی گئیں۔ڈِسٹرکٹ سوشل ویلفیئر آفیسر نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کہیں اور منشیات سے پاک معاشرے کا پیغام عام کریں۔یہ پروگرام ضلع ترقیاتی کمشنر کی مجموعی نگرانی اور ہدایت پر منعقد ہوا جنہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ اس مہم کو کامیاب بنانے میں اَپنا تعاون کریں۔










