سری نگر اورگاندربل میں2غیرمقامی باشندوں کی پُراسرارموت

پنزی نارہ سمبل میں بیاہی گئی 24سالہ خاتون کی صدر اسپتال میں فوت

سمبل// بانڈی پورہ ضلع کے مرکنڈل حاجن علاقہ سے تعلق رکھنے والی جواں سالہ خاتون کی بدھ کو پنزی نارہ سمبل میں اپنے سسرال کے گھر میںموت واقعہ ہوگئی ۔متوفی خاتون کے میکے والوں نے اس کے سسرال والوں پر قتل کا الزام لگاتے ہوئے مرکنڈل حاجن میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔جے کے این ایس کوملی تفصیلات کے مطابق 24سالہ مہوش بانوکی شادی کچھ سال قبل پنزی نارہ سمبل کے رہنے والے فاروق احمدحجام کیساتھ ہوئی تھی ،بتایاجاتاہے کہ مذکورہ خاتون کومنگل کورات دیر گئے سسرال سے صدر اسپتال سری نگر منتقل کیا گیا، جہاں وہ بالآخر دم توڑ گئی ۔خاتون کی موت واقعہ ہونے سے متعلق اطلاع پہنچتے ہی اُسکے میکے والوں اوردوسرے لوگوںنے مرکنڈل حاجن میں سڑک پراحتجاج شروع کیا۔مظاہرین میں شامل خواتین نے مہوش بانو کی موت کی جامع تحقیقات کامطالبہ کیا۔احتجاج میں شامل متوفی خاتون کے کچھ رشتہ داروںنے الزام لگایا کہ 24سالہ مہوش کو اس کے سسرال والوں نے قتل کیا ہے، کیونکہ بقول اُن کے وہ اسے مسلسل ہراساں کر رہے تھے۔حاجن ،سمبل روڑ پر احتجاج کررہے مردوزن نے سسرال والوں کیخلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔انہوں نے پولیس اور متعلقہ حکام سے معاملے کی مکمل تحقیقات کرنے کی اپیل کی، تاکہ مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچایا جا سکے۔اس موقعہ پر یہاں کچھ پولیس افسر پہنچے اورانہوںنے احتجاجیوںکویقین دلایاکہ اس معاملے کی جامع تحقیقات عمل میں لائی جائے گی ۔پولیس حکام نے بتایاکہ سسرال میں جواں سالہ خاتون کی موت کن حالات میں ہوئی ہے، اس کی تکنیکی اور سائنسی طور پر تحقیقات کی جا رہی ہے، جبکہ نعش ضروری طبی و قانونی کارروائی کے بعدلواحقین کے حوالے کی جائیگی ۔