جموں//پرنسپل سیکرٹری سکل دیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر اَصغر حسن سامون نے آج جموں وکشمیر کے پولی تکنیک اور آئی ٹی آئیز میں سمال بزنس ڈیولپمنٹ یونٹس ( ایس بی ڈی یو) اور انکیوبشن سینٹروں کے قیام سے سکل ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے ذریعے سٹارٹ اَپس کو فروغ دینے کے حوالے سے ایک میٹنگ کی صدارت کی۔میٹنگ میں ڈائریکٹر آئی آئی ایم جموں پروفیسر بی ایس سہائے، ڈائریکٹر سکل ڈیولپمنٹ سدرشن کمار ، مشن ڈائریکٹر لینا پادھا ، جموںاور سری نگر پولی تکنیک اور آئی ٹی آئی کے پرنسپل اور سپر اِنٹنڈنٹوں کے علاوہ آئی آئی ایم جموں کی فیکلٹی نے بھی شرکت کی۔ڈاکٹر اَصغر حسن سامون نے میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سکل ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ ایس بی ڈی یوز اور انکیوبیشن سینٹروں کے قیام کے لئے 20 پولی تکنیک اور آئی ٹی آئی میں مطلوبہ جگہ فراہم کرے گا۔ اِس کے علاوہ آئی آئی ایم جموں کی ٹیم دفتر اور انکیوبیشن سینٹروں کے لئے جگہ اور بنیادی ڈھانچے کے ڈیزائن میں مدد کرے گااور سکل ڈیولپمنٹ مشن جے اینڈ کے کے تحت ہر ایس بی ڈی یو کو 10لاکھ روپے کی رقم فراہم کی جائے گی۔پرنسپل سیکرٹری نے کہا کہ ہر ضلع میں ایس بی ڈی یو ز اُبھرتے ہوئے کاروباریوں اور موجودہ چھوٹے کاروباروں کو پیشہ ورانہ ، اعلیٰ معیار اور تکنیکی مدد فراہم کریں گے۔ڈاکٹر اَصغر حسن سامون نے مزید کہا کہ محکمہ کی طرف سے ایس بی ڈی یوز کے شراکت داروں کی میٹنگ جنوری میں منعقد کی جائے گی۔اِس موقعہ پر پروفیسر سہائے نے اَپنے خیالا ت کا اِظہا رکرتے ہوئے کہا کہ یہ ایس بی ڈی یوز وَن سٹاپ بزنس سلوشنز فراہم کریں گے اور چھوٹے کاروباروں کو سرمایہ تک رَسائی ، نئی ٹیکنالوجیز کی ترقی اور تبادلے ، کاروباری منصوبہ بندی ، مالیاتی اِنتظام ، مارکیٹنگ اور پیداواری صلاحیت میں اِضافہ اور اِختراع میں مدد کریں گے ۔ اُنہوں نے کہا کہ منتخب ایس بی ڈی یوز جموں وکشمیر میں سٹارٹ اَپس کا ایکو سسٹم بنانے کے لئے فیکلٹی کو ہینڈ ہولڈنگ او رصلاحیت سازی کی تربیت فراہم کریں گے۔










