ٹاڈاکورٹ نے کیا یاسین ملک کا پروڈکشن وارنٹ جاری،22دسمبراگلی سماعت

آرڈرکو چیلنج کرنے کیلئے سی بی آئی سپریم کورٹ میں جائیگی:ایڈووکیٹ مونیکا کوہلی

جموں//سنٹرل انویسٹی گیشن بیورو (سی بی آئی) 1990 میں ہندوستانی فضائیہ کے 4 افسران کی ہلاکت کے سلسلے میں تہاڑجیل میں قید علیحدگی پسند رہنما محمد یاسین ملک کیلئے ٹاڈا عدالت کے پروڈکشن وارنٹ آرڈر جاری کیا تاہم سی بی آئی کی وکیل مونیکا کوہلی نے کہاکہ اس آرڈرکو چیلنج کرنے کیلئے سی بی آئی سپریم کورٹ میں جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس کیس کی اگلی سماعت22 دسمبر کو ہوگی۔جے کے این ایس کے مطابق میڈیا رپورٹس میں بتایاگیاکہ محمد یاسین ملک کیلئے ٹاڈا عدالت کے پروڈکشن وارنٹ آرڈر جاری کرنے کامعاملہ اس وقت سامنے آیا جب یاسین ملک نے ٹاڈا عدالت سے اپیل کی کہ اُس کوخود گواہوں سے جرح کرنے کیلئے جموں سی بی آئی کورٹ میں جسمانی طور پر حاضر ہونے کی اجازت دی جائے۔ سی بی آئی کورٹ نے یاسین ملک کی عرضی کو منظور کرتے ہوئے اسے سماعت کیلئے پیش کرنے کیلئے تہاڑ جیل میں پروڈکشن وارنٹ جاری کیا۔ تاہم، سی بی آئی اب پروڈکشن وارنٹ آرڈر کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کرے گی۔میڈیا سے بات کرتے ہوئے، سی بی آئی کی وکیل مونیکا کوہلی نے کہاکہ آج سماعت ٹاڈا عدالت میں ہوئی اور عدالت نے پروڈکشن وارنٹ جاری کیا ہے کیونکہ اُس نے گواہوں سے جرح کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ انہوںنے مزیدکہاکہ اس کیس کی اگلی تاریخ 22 دسمبر مقرر کی گئی ہے۔ایڈووکیٹ مونیکاکوہلی نے مزید کہاکہ سی بی آئی نے اب اس حکم کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا ہے کیونکہ وزارت داخلہ کی طرف سے ہدایات ہیں اور ایک خط بھی ہے جو عدالت کو بھی فراہم کیا گیا ہے کہ اسے کشمیر وادی میں نہیں لایا جا سکتا،جہاں ایک کیس زیر التوا ہے۔انہوںنے کہاکہ چونکہ یاسین ملک نے ایک درخواست بھی پیش کی ہے کہ اسے بلایا جائے اور اسے جرح کا حق دیا جائے۔ اس معاملے میں، وہ اور یہاں تک کہ ہم نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا ہے۔وکیل مونیکا کوہلی نے کہاکہ آج کی سماعت میں یاسین ملک سمیت ملزمان ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے پیش ہوئے۔قابل ذکر بات یہ ہے کہ 25 جنوری1990 کو اسکواڈرن لیڈر روی کھنہ اور 3 دیگر آئی اے ایف اہلکاروں کو مبینہ طور پریاسین ملک اور اس کے دیگر ساتھیوں نے سری نگر کے راولپورہ میں ہلاک کر دیا تھا۔ اس سلسلے میںمرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) نے 31 اگست1990 کو جموں کی ٹاڈا عدالت کے سامنے کیس کے سلسلے میں چارج شیٹ کیا تھا۔یاسین ملک کو قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) نے دہشت گردی کی فنڈنگ کے ایک معاملے میں گرفتار کیا ہے اور وہ اس وقت تہاڑ جیل میں بند ہیں۔19مئی کو، این آئی اے کی ایک خصوصی عدالت نے ملک کو حکومت ہند کے خلاف جنگ چھیڑنے اور دہشت گردوں کے لئے مالی اعانت جمع کرنے کیلئے غیر قانونی سرگرمیاں روک تھام ایکٹ (یو اے پی اے) سیکشن 17 کے تحت تعزیرات ہند (آئی پی سی) سیکشن 121 کے تحت جرائم کیلئے عمر قید کی سزا سنائی۔ خصوصی جج پروین سنگھ، جنہوں نے ملک کو عمر قید کی سزا سنائی، نے این آئی اے کی سزائے موت کی درخواست کو مسترد کرتے ہوئے یہ دعویٰ کیا کہ جن جرائم کیلئے یاسین ملک کو سزا سنائی گئی تھی وہ انتہائی سنگین تھے۔