ولرمانسبل ڈیولپمنٹ اَتھارٹی اور سول ڈیفنس نے مانسبل میں ’ آفات سے نمٹنے کی تربیتی پروگرام ‘کا اِنعقاد کیا

مانسبل(گاندربل)// ولرمانسبل ڈیولپمنٹ اَتھارٹی (ڈبلیو ایم ڈِی اے) نے سول ڈیفنس محکمہ سری نگر کے اِشتراک سے بنیادی شراکت داروں کے لئے ایک خصوصی تربیتی پروگرام کا اِنعقاد کیا جس کا مقصد آفات سے نمٹنے کی تیاری، ہنگامی ردِعمل اورعوامی حفاظت کے بارے میں بیداری بڑھانا تھا۔چیف ایگزیکٹیو آفیسر ولر مانسبل ڈیولپمنٹ اَتھارٹی احسان الحق چشتی نے تربیتی پروگرام کا اِفتتاح ڈویژنل وارڈن سول ڈیفنس سری نگر و ٹی او ٹی کشمیر راہی ریاض احمد،سول ڈیفنس سری نگر کے انسٹرکٹرز اعجاز احمد اور شوکت احمدکی موجودگی میں کیا۔پروگرام میں شکارا بانوں، کشتی چلانے والوں، صفائی کارکنوں، ڈبلیو ایم ڈِی اے کے فیلڈ عملے سمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے زائد اَز 40 سے اَفراد نے شرکت کی اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ ، اِبتدائی طبی اِمداد،فائر سیفٹی، ریسکو آپریشنز اور ایمرجنسی رسپانس تکنیک سے متعلق مختلف عملی اور نظریاتی سیشنز میں سرگرمی سے حصہ لیا۔اِس موقعہ پر ڈاکٹر احسان الحق چشتی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیاحتی شعبے سے وابستہ اَفراد کو آفات سے نمٹنے کی تربیت دینا نہایت ضروری ہے تاکہ ہنگامی حالات میں سیاحوں کی مؤثر رہنمائی اور مدد کی جا سکے۔ اُنہوں نے سول ڈیفنس محکمہ سری نگر کا شکریہ اَدا کرتے ہوئے کمیونٹی سطح پر آفات سے نمٹنے کی تیاری کی اہمیت پر زور دیا۔ اُنہوں نے اُمید ظاہر کی کہ ایسے پروگرام شرکأ کو زندگی بچانے کی ضروری مہارتیں فراہم کریں گے جو کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی صورت میں اِبتدائی اِمدادی کارکن کا کردار اَدا کرتے ہیں۔راہی ریاض احمد نے قدرتی اور انسانی ساختہ آفات کے دوران جان و مال کے تحفظ میں سول ڈیفنس رضاکاروں کے اہم کردار کو اُجاگر کیا اور شرکأ پر زور دیا کہ وہ تربیت سے حاصل شدہ معلومات کو اپنی اپنی کمیونٹیوں تک بھی پہنچائیں۔تربیتی پروگرام کے دوران اعجاز احمد اور شوکت احمد نے مختلف عملی مشقیں اور تربیتی سیشن منعقد کئے۔ اُنہوں نے آفات اور ہنگامی حالات کے اثرات کو کم کرنے کے لئے بروقت ردِّعمل، ٹیم ورک اور تیاری کی اہمیت پر زور دیا۔