amit shah

وقف (ترمیمی) بل کی منظوری :برسوں کی ناانصافی اور بدعنوانی کا خاتمہ ہوا

مسلم کمیونٹی کے غریبوں، خواتین اور بچوں کو فائدہ پہنچے گا ، انصاف اور مساوات کے دور کا آغاز ہو گا / امیت شاہ

سرینگر// وزیر داخلہ امیت شاہ نے کہا کہ وقف (ترمیمی) بل 2025 کیلئے پارلیمنٹ کی منظوری سے برسوں کی ناانصافی اور بدعنوانی کا خاتمہ ہوتا ہے، جس سے انصاف اور مساوات کے دور کا آغاز ہوتا ہے۔سی این آئی کے مطابق ایکس پر پوسٹوں میں امیت شاہ نے لکھا ’’آج ایک تاریخی دن ہے، جب پارلیمنٹ نے ‘وقف (ترمیمی) بل2025کو منظوری دی ہے، جس سے برسوں کی ناانصافی اور بدعنوانی کے دور کا خاتمہ ہوا اور انصاف اور مساوات کے دور کا آغاز کیا گیا۔ ‘‘ وزیر داخلہ نے کہا کہ اس بل کے ذریعے وقف بورڈ اور وقف املاک زیادہ جوابدہ، شفاف اور مساوی ہونے جا رہے ہیں اور اس سے مسلم کمیونٹی کے غریبوں، خواتین اور بچوں کو فائدہ پہنچے گا۔انہوں نے لکھا ’’ میں وزیر اعظم نریندر مودی اور اقلیتی امور کے وزیر کرن رججو کو اس اہم بل کے لئے مبارکباد پیش کرتا ہوں جو کروڑوں لوگوں کو انصاف فراہم کرتا ہے۔ اس کے علاوہ، میں ان تمام جماعتوں اور ممبران پارلیمنٹ کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے اس کی حمایت کی۔ ‘‘ اس بل میں وقف ٹربیونلز کو مضبوط کرنے اور وقف بورڈ میں وقف اداروں کی لازمی شراکت کو 7 فیصد سے گھٹا کر 5 فیصد کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ایک لاکھ روپے سے زیادہ کمانے والے وقف اداروں کو ریاستی سرپرستی میں آڈیٹرز کے ذریعے آڈٹ کیا جائے گا۔