سری نگر// وزیر برائے صحت و طبی تعلیم، سماجی بہبود اور تعلیم محکمہ جات سکینہ اِیتونےایس ایم ایچ ایس ہسپتال کا دورہ کر کے ممبر پارلیمنٹ شیخ عبدالرشید ( اِنجینئر رشید ) کے والد کی عیادت کی۔اِس موقعہ پر رُکن اسمبلی حضرت بل سلمان ساگر، پرنسپل جی ایم سی سری نگر ڈاکٹر عفت حسن شاہ، میڈیکل سپراِنٹنڈنٹ ایس ایم ایچ ایس ڈاکٹر عندلیب بشیر، مختلف شعبہ جات کے سربراہان، کنسلٹنٹ، سینئر ڈاکٹرزور دیگر سٹاف ممبران بھی موجود تھے ۔ دورے کے دوران سکینہ اِیتو نے ڈاکٹروں اور طبی عملے سے ملاقات کی اور خضر محمد شیخ کی صحت کی حالت، علاج کے منصوبے اوران کی صحتیابی کی پیش رفت کے بارے میں تفصیلی جانکاری حاصل کی۔وزیر موصوفہ نے پرنسپل جی ایم سی اور میڈیکل سپراِنٹنڈنٹ کو ہدایت دی کہ مریض کو بہترین ممکنہ طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ تمام ضروری سہولیات اور خصوصی نگہداشت بغیر کسی تاخیر کے فراہم کی جائے۔وزیر صحت نے طبی ٹیم کو ہدایت دیتے ہوئے کہا، ’’تجربہ کار ماہرین کی ٹیم کی طرف سے جامع نگہداشت کے ساتھ مریض کی مسلسل طبی نگرانی کو یقینی بنائیں۔‘‘اُنہوں نے اہل خانہ کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے اَپنی دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور انہیں محکمہ صحت کی جانب سے مکمل تعاون کا یقین دِلایا۔ اُنہوں نے مریض کی جلد صحتیابی و شفایابی کے لئے دعا بھی کی اور اس کی نگہداشت میں مصروف طبی عملے کی لگن کو سراہا۔










