وزیر اعلیٰ کے مشیر نے جموں سمارٹ سٹی منصوبوں کا جائزہ لیا ، امر ناتھ یاترا سے قبل جلد تکمیل کی ہدایت

جموں//وزیراعلیٰ کے مشیر ناصر اسلم وانی نے آج جموں سمارٹ سٹی لمیٹڈ کے تحت جاری کلیدی بنیادی ڈھانچے اور ترقیاتی کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا اور آنے والی امرناتھ یاترا سے قبل تمام بڑے منصوبوں کو بروقت مکمل کرنے پر زور دیا۔دورے کے دوران مشیر موصوف کے ہمراہ ڈاکٹر دیونش یادو، ڈائریکٹر پروجیکٹس سنیل تھسو اور جموں سمارٹ سٹی لمیٹڈ کے دیگر سینئر اَفسران بھی تھے۔مشیر نے سب سے پہلے ایف اے ایم اِی۔دوم منصوبے کے تحت تعمیر کئے جا رہے ٹاٹا اِی۔بس ڈیپو کا دورہ کیا اور پی ایم اِی۔بس سیوا پروجیکٹ سے متعلق جاری کاموں کا جائزہ لیا۔ حکام نے انہیں بتایا کہ جموں شہر میں ماحول دوست عوامی ٹرانسپورٹیشن کو فروغ دینے کے لئے تقریباً 16 کروڑ روپے کی لاگت سے جدید الیکٹرک بس اِنفراسٹرکچر تیار کیا جا رہا ہے۔جموں سمارٹ سٹی لمیٹڈ کی جانب سے شہری ٹرانسپورٹ کے بنیادی ڈھانچے کو جدید بنانے کی کوششوں کو سراہتے ہوئے ناصر اسلم وانی نے اب تک حاصل ہونے والی پیش رفت کی سراہنا کی اور حکام کو ہدایت دِی کہ وہ پی ایم اِی۔بس سیوا پروجیکٹ کی جلد تکمیل اور اِفتتاح کو یقینی بنائیں۔ اُنہوں نے کہا کہ سمارٹ سٹی اَقدامات جموں کو ایک صاف، سرسبز اورزیادہ منظم شہری مرکز میں تبدیل کر رہے ہیں اور تمام ترقیاتی منصوبوں کو مشن موڈ میں تیز کیا جانا چاہیے۔بعد میں مشیر موصوف نے زیرِ تعمیر ویسٹ ٹو وَنڈر پارک پروجیکٹ کا دورہ کیا اور وہاں کوڑا کرکٹ سے مکمل کئے جاذبیت کے کاموں پر مسرت کا اِظہار کیا ۔ اُنہوںنے پروجیکٹ میں مصروف کاریگروں اور کارکنوں سے بھی بات چیت کی اور ان کی تخلیقی صلاحیتوں اور لگن کو سراہا۔مشیر ناصر اسلم اِس اَقدام کو جموں شہر کے لئے ایک منفرد اور جدید اِضافہ قرار دیتے ہوئے جموں سمارٹ سٹی ٹیم کو سیاحت، ماحولیاتی بیداری اور عوامی تفریح کو فروغ دینے کے مقصد سے ایک قابلِ ستائش پروجیکٹ شروع کرنے پر مُبارک باد دِی۔حکام نے بتایا کہ ویسٹ ٹو وَنڈر پارک تقریباً 11 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کیا جا رہا ہے اور جون 2026 کے اِختتام تک مکمل ہونے کی توقع ہے۔ تاہم، مشیرموصوف نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ امرناتھ یاترا کے آغاز سے قبل منصوبے کو مکمل کرنے کے لئے تمام ممکنہ کوششیں کی جائیں تاکہ جموں آنے والے یاتری اور سیاح بھی اس تفریحی مقام سے لطف اندوز ہو سکیں۔حکام کے مطابق منصوبے کی فزیکل پراگریس تقریباً 80 فیصد تک پہنچ چکی ہے۔ اِس پارک میںری سائیکل مواد سے تیار کئے گئے 14 نوادرات قائم کئے گئے ان میں سات بین الاقوامی یادگاریں، پانچ قومی تاریخی مقامات اور اُتر پردیش کی نمائندگی کرنے والی دو یادگاریں شامل ہوں گی۔حکام نے مزید بتایا کہ یہ جموں کا اَپنی نوعیت کا پہلا ویسٹ ٹو وَنڈر پارک ہوگا جسے سکولی بچوں، سیاحوں اور مقامی شہریوں کے لئے ایک اہم تفریحی اور تعلیمی مقام کے طور پر تیار کیا جا رہا ہے۔ اِس منصوبے سے تخلیقی عوامی بنیادی ڈھانچے کے ذریعے ویسٹ رِی سائیکلنگ اور ماحولیاتی دیرپائی کے تصور کو بھی فروغ ملے گا۔ناصر اسلم وانی نے شہری ترقیاتی کاموں میں تیزی لانے اور جموں شہر کو جدید، عوام دوست شہری مرکز بنانے کے حکومتی عزم کا اعادہ کیاجہاں دیرپا بنیاد ی ڈھانچہ اور بہتر عوامی سہولیات دستیاب ہوں۔