وزیر اعلیٰ کی زیر قیادت کابینہ نے اچھن میں 361کروڑ روپے کے اِنٹگریٹیڈ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ پروجیکٹ کی منظور ی دی

سری نگر//وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی سربراہی میں منعقدہ وزرأ کونسل کی میٹنگ میں 361کروڑ روپے کی تخمینہ لاگت سے اچھن سری نگر میں 800ٹن یومیہ صلاحیت کے انٹگریٹیڈ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ (آئی ایس ڈبلیو ایم) پروجیکٹ کے قیام کی منظوری دی ہے۔یہ فیصلہ وزرأ کونسل کی چھٹی میٹنگ کے دوران لیا گیا جس کا مقصد سری نگر میں سائنسی بنیادوں پر ویسٹ مینجمنٹ ڈھانچے کو مضبوط بنانا اور ماحول دوست طریقے سے میونسپل سالڈ ویسٹ کو دیرپا ٹھکانے لگانے اور پروسیسنگ کو یقینی بنانا ہے۔مجوزہ اِنٹگریٹیڈ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ پروجیکٹ کا مقصد جدید اور مؤثر نظام کے ذریعے سری نگر شہر میں کوڑا کرکٹ کو جمع کرنے، الگ کرنے، ٹریٹمنٹ اور تلفی کی صلاحیت میں اضافہ کرنا ہے۔ اِس منصوبے سے صفائی ستھرائی کے معیار میں نمایاں بہتری، ماحولیاتی آلودگی میں کمی اور صاف و صحت مند شہری ماحول کے فروغ کی توقع کی جا رہی ہے۔اچھن میں اس سہولیت کے قیام سے طویل مدتی شہری منصوبہ بندی اور ماحولیاتی دیرپائی کی کوششوں کو بھی تقویت ملے گی جبکہ تیزی سے شہری توسیع اور آبادی میں اِضافے کے پیش نظر شہر کی بڑھتی ہوئی ویسٹ مینجمنٹ ضروریات کو پورا کرنے میں مدد ملے گی۔