ضلع میں شدید بارشوں کے بعد سیلاب سے ہونے والے نقصانات اور بحالی کے کاموں کا جائیزہ لیا
کلگام//وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ ہفتہ کو کلگام ضلع پہنچے تا کہ ذاتی طور پر نقصانات ، بحالی کے کاموں اور عوام کو درپیش چیلنجز کا جائیزہ لیا جا سکے ۔ ان کے دورے نے جس میں متاثرہ خاندانوں سے ملاقات اور تباہ شدہ بنیادی ڈھانچے کا جائیزہ شامل تھا ، نے حکومت کی اس مشکل وقت میں عوام کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے ہونے کی وابستگی کو اجاگر کیا ۔ نائب وزیر اعلیی مسٹر سریندر کمار چودھری ، وزراء سکینہ ایتو اور جاوید رانا ، مشیر ناصر اسلم وانی ، قانون ساز پیر زادہ فیروز ، ڈپٹی کمشنر کلگام ، ایس ایس پی کلگام اور دیگر سینئر افسران کے ہمراہ وزیر اعلیٰ نے کھڈونی ، ادیگتنو ، گڈر ، لائسو اور ملحقہ علاقوں کا دورہ کیا ۔ انہوں نے عوام کو یقین دلایا کہ ان کی حکومت بروقت امداد اور تعاون فراہم کرنے کیلئے ہر ممکن اقدام کرے گی ۔ وزیر اعلیٰ نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت دی کہ وہ بحالی کے کاموں کو تیزی سے مکمل کریں اور متاثرہ علاقوں میں ضروری خدمات کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنائیں ۔ بعد میں منی سیکرٹریٹ کلگام میں منعقدہ ایک اجلاس میں ڈپٹی کمشنر نے وزیر اعلیٰ کو جانوں کے تحفظ کیلئے کی گئی ابتدائی منتقلی کے بارے میں بریف کیا اور سڑکوں ، پلوں اور عوامی سہولیات کو پہنچے نقصانات کی تفصیلات پیش کیں ۔ انہوں نے خدمات کی تیزی سے بحالی کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کی بھی وضاحت کی ۔ وزیر اعلیٰ نے ضلعی انتظامیہ کی بروقت منتقلی کے فعال اقدامات کی تعریف کی ۔ انہوں نے پی ڈی ڈی ، جل شکتی اور ایری گیشن اینڈ فلڈ کنٹرول محکموں کو ضروری خدمات کی بحالی کیلئے مشن موڈ میں کام کرنے کی ہدایت دی ۔ کسانوں کے روزگار کے تحفظ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے عمر عبداللہ نے فصلوں اور باغبانی کے نقصانات بشمول نقل و حمل کے دوران اور سڑکوں کی بندش کی وجہ سے ہونے والے نقصانات کا فوری جائیزہ لینے کی ہدایت دی ، تا کہ حکومت معاوضے پر غور کر سکے ۔ ضلع میں غیر قانونی کان کنی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے اس عمل پر مکمل پابندی کو یقینی بنانے کیلئے سخت نفاذ کا حکم دیا ۔ انہوں نے متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کیلئے حکومت کی وابستگی کا اعادہ کیا ۔










