وزیر اعلیٰ نے سرکٹ ہاوس چرچ لین میں اضافی رہائشی بلاک کا افتتاح کیا

سرینگر//وزیر اعلیٰ مسٹر عمر عبداللہ نے سرکٹ ہاوس چرچ لین سرینگر میں نئے تعمیر شدہ اضافی رہایشی بلاک کا افتتاح کیا جس کا مقصد مہمان نوازی کے بنیادی ڈھانچے کو بڑھانا اور معززین اور مہمانوں کیلئے سہولیات کو بہتر بنانا ہے ۔ پروجیکٹ کو پبلک ورکس ( آر اینڈ بی ) ڈیپارٹمنٹ نے کیپیکس بجٹ کے تحت 781.34 لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر کیا ہے ۔ اس موقع پر نائب وزیر اعلیٰ مسٹر سریندر کمار چودھری ، ممبر قانون ساز اسمبلی لال چوک شیخ احسن احمد ( پردیسی ) ، سیکرٹری ہاسپٹیلٹی اینڈ پروٹوکول ، ڈائریکٹرہاسپٹیلٹی اینڈ پروٹوکول اور دیگر سینئر افسران موجود تھے ۔ نئی سہولت تین منزلہ ڈھانچہ ہے جس میں ایک تہہ خانے ، زیریں منزل اور دو اوپری منزلیں شامل ہیں ۔ اس بلاک میں 18 رہائش کے کمرے ہیں جن میں 12 معیاری کمرے اور چھ سوئٹ شامل ہیں ، جو آرامدہ اور جدید رہائش کی سہولیات فراہم کرنے کیلئے بنائے گئے ہیں ۔ رہائش کے یونٹوں کو جدید اندرونی اور روائتی کشمیری تعمیراتی عناصر کے امتزاج کے ساتھ جمالیاتی طور پر ڈیزائن کیا گیا ہے ۔ کمروں میں وال پیپر والی دیواریں ، کھدی ہوئی ربڑ کی لکڑی کے بیڈبیک پینلز ، خاتمبند چھتیں اور پرتدار فرش شامل ہیں ۔ سوئٹس کو پریمیم انٹیرئیر فنشز سے مزین کیا گیا ہے جس میں لیمینیٹڈ وال پینلز ، ایم ڈی ایف سلیٹ والز ، ڈوکو سے تیار شدہ فٹنگز اور خاتمبند چھت کا کام شامل ہے جو ایک بہتر اور خوبصورت ماحول کی عکاسی کرتا ہے ۔ وزیر اعلیٰ نے نو تعمیر شدہ بلاک کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا اور سہولت کا تفصیلی دورہ کیا ۔ انہوں نے عمارت کی جمالیات ، تعمیر کے معیار اور اس کے اندرونی حصوں میں روائتی ڈیزائن کے عناصر کو سوچ سمجھ کر شامل کرنے کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ رہائش کی بہتر سہولیات جموں و کشمیر کے مہمان نوازی کے بنیادی ڈھانچے کو مزید مضبوط کرے گی اور جموں و کشمیر آنے والے مہمانوں کے تجربے کو بہتر بنائے گی ۔