صحت کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے اور مریضوں کی نگہداشت بہتر بنانے کا فیصلہ اہم قرار
سری نگر//وزیراعلیٰ عمر عبداللہ کی صدارت میں منعقدہ وزرأ کونسل کی میٹنگ میں ماسٹر پلان 2035 کے تحت بفر زون کی پابندیوں میں نرمی دے کر سب ڈِسٹرکٹ ہسپتال حضرت بل کی اَپ گریڈیشن کی منظوری دے دی ہے۔یہ فیصلہ وزرأ کونسل کے چھٹی میٹنگ میں لیا گیا جس کا مقصد صحت کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانا اور عوام کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنا ہے۔یہ منصوبہ کئی برسوں سے بفر زون کی پابندیوں کے باعث مختلف رُکاوٹوں کا شکار تھاجس کی وجہ سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا۔وزیراعلیٰ کی قیادت میں کابینہ نے عوام کو درپیش مشکلات اور علاقے میں بہتر طبی سہولیات کی فوری ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے تاریخی فیصلہ لیتے ہوئے ان پابندیوں میں نرمی دی جس سے ہسپتال کی طویل عرصے سے زیرِ اِلتوأ اَپ گریڈیشن کی راہ ہموار ہوگئی۔منظوری کے ساتھ ہسپتال میں بنیادی ڈھانچے کی توسیع اور جدید طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی جن میں بلڈ بینک، آپریشن تھیٹرز اور مختلف بیماریوں کے علاج کے لئے خصوصی سہولیات شامل ہوں گی۔اِس اَقدام کا مقصد مریضوں کو علاج اور داخلے کے لئے دیگر مقامات کا رخ کرنے کی ضرورت کو کم کرنا ہے۔علاقے کے مقامی باشندوں نے اس فیصلے پر وزیراعلیٰ کا شکریہ اَدا کرتے ہوئے کہا کہ ہسپتال اس وقت شدید جگہ کی کمی اور مریضوں و تیمارداروں کے لئے مناسب سہولیات کا فقدان ہے۔اُنہوں نے کہا کہ ہسپتال کی اَپ گریڈیشن سے عوامی مشکلات میں نمایاں کم ہوں گی اور حضرت بل و ملحقہ علاقوں کے لوگوں کو بہتر طبی سہولیات تک رَسائی حاصل ہوگی۔










