سری نگر// وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ سے ’رابطہ‘ آفس سری نگر میں مختلف وفود اور اَفراد نے ملاقات کی تاکہ وزیر اعلیٰ کو عوامی اہمیت کے مختلف مسائل سے آگاہ کیا جا سکے۔کشمیری لوک فنکاروں اور معروف گلوکاروں کے ایک وفدجس میں اُستاد عبدالرشید حافظ، وحید جیلانی، گلزار گنائی اور منیر میر شامل تھے، نے وزیر اعلیٰ سے ملاقات کی اور مقامی فن کاروں اور گلوکاروں کے درپیش مسائل کو وزیر اعلیٰ کو گوش گزار کئے ۔ اُنہوں نے گزشتہ کئی برسوں سے کمیونٹی کو درپیش مختلف چیلنجوں کو حل کرنے کے لئے حکومت سے مداخلت کی درخواست کی۔اِسی طرح دیگر عوامی وفود نے بھی وزیر اعلیٰ سے ملاقات کی اور اپنے اپنے علاقوں کے ترقیاتی مسائل سے انہیں آگاہ کیا۔اِن وفود کے علاوہ متعدد اَفراد بھی وزیر اعلیٰ سے ملاقی ہوئے اور انہیں ذاتی و عوامی نوعیت کے مختلف مسائل سے آگاہ کیا۔وزیر اعلیٰ نے تمام وفود اور اَفراد کو بغورسنا اور یقین دِلایا کہ اُٹھائے گئے مسائل کو متعلقہ محکموں کے ذریعے مناسب طریقے سے حل کیا جائے گا۔اِس سے قبل وزیر اعلیٰ نے رُکن قانون ساز اسمبلی کولگام ایم وائی تاریگامی سے مختصر بات چیت کی اور کولگام حلقے میں جاری ترقیاتی سرگرمیوں پر تبادلہ خیال کیا۔










