نئی دہلی/ایجنسیز //وزیر اعظم مودی سیشلز کے قومی دن کی گولڈن جوبلی تقریبات میں مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شرکت اور دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے مقصد سے وہاں پہنچے۔ یہ ان کا سیشلز کا دوسرا سرکاری دورہ ہے۔ اس سے قبل رواں سال سیشلز کے صدر پیٹرک ہرمنی ہندوستان کے سرکاری دورے پر آئے تھے۔اس موقع پر وزیر اعظم مودی کو سیشلز کا اعلی ترین اعزاز عطا کیا گیا۔ وزیر اعظم نریندر مودی کو ماحولیاتی تحفظ اور پائیدار ترقی میں قیادت کیلئے سیشلز کے اعلیٰ ترین اعزاز ’گارڈین آف دی بلیو ہورائزن‘ کے عنوان سے سیشلز کے صدر ڈاکٹر پیٹرک ہرمینی نے عطا کیا۔اعزاز ملنے پرکئی مرکزی وزراء نے مودی کو مبارکباد دی۔ وزیر اعظم مودی کے دورے سے قبل سیشلز کے صدارتی دفتر نے کہا کہ ہندوستان‘ سیشلز کے سب سے قریبی اور قابلِ اعتماد ترقیاتی شراکت داروں میں شامل ہے۔ہندوستان نے بنیادی ڈھانچے، صحت، تعلیم اور متعدد کمیونٹی ترقیاتی منصوبوں میں مسلسل تعاون فراہم کیا ہے۔ دونوں ممالک بحرِ ہند کے خطے میں امن، سلامتی اور استحکام کے فروغ کے لیے بھی مشترکہ طور پر کام کر رہے ہیں۔صدارتی دفتر نے مزید کہا کہ وزیر اعظم مودی کا یہ دورہ ہندوستان اور سیشلز کے درمیان دیرینہ دوستی اور مضبوط شراکت داری کی علامت ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات 1976 میں سیشلز کی آزادی کے بعد سے قائم ہیں۔وزیر اعظم نریندر مودی نے ہفتہ کوکہا کہ فاسٹ پیٹرول ویسل (FPV) ’لیسپوار‘ کو سیشلز کوسٹ گارڈ کے حوالے کرنا دونوں ممالک کے درمیان دفاعی اور سمندری سلامتی کے شعبے میں بڑھتی ہوئی شراکت داری کا ایک اہم سنگِ میل ہے۔ وزیر اعظم مودی نے X پر ایک پوسٹ میں بتایا کہ انہوں نے صدر ڈاکٹر پیٹرک ہرمنی کے ساتھ سیشلز کوسٹ گارڈ بیس پر فاسٹ پیٹرول ویسل ’لیسپوار‘، ایمبولینسز اور سیشلز ڈیفنس فورس (SDF) کیلئے یوٹیلٹی گاڑیوں کی حوالگی کی تقریب میں شرکت کی۔
انہوں نے کہا کہ ’لیسپوار‘ کی حوالگی ہندوستان اور سیشلز کے درمیان دفاعی اور سمندری سلامتی کے تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی سمت ایک اہم قدم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ ان متعدد اقدامات میں سے ایک ہے جن کے ذریعے ہندوستان مسلسل سیشلز کی سلامتی کی ضروریات پوری کرنے میں اس کا ساتھ دے رہا ہے۔ ہندوستان میں تیار کیے گئے اس فاسٹ پیٹرول ویسل کے ساتھ وزیر اعظم مودی نے سیشلز کو چھ ایمبولینسز، دس یوٹیلٹی گاڑیاں اور پانچ لیزر ریڈیل کشتیاں بھی فراہم کیں۔ ان کا مقصد سیشلز کی سمندری نگرانی اور اس کے خصوصی اقتصادی زون (EEZ) کے تحفظ کو مزید مضبوط بنانا ہے۔ وزیر اعظم مودی نے کہاکہ ہندوستان کو اس بات پر فخر ہے کہ وہ سیشلز کا ایک قابلِ اعتماد شراکت دار ہے اور ہر قدم پر اس کے ساتھ کھڑا ہے۔ دونوں ممالک کی دوستی کو مزید مستحکم کرنے اور سمندری صلاحیتوں میں اضافہ کرنے کیلئے مل کر کام کرتے رہیں گے۔










