عوامی مسائل ، سٹارٹ اَپ ماحولیاتی نظام،تجارت و کاروبار اور سکل ڈیولپمنٹ کے اقدامات پر تبادلہ خیال
سر ی نگر//وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے ’رابطہ‘ میں عوامی نمائندوں، صنعت کاروں اور صنعتی رہنماؤں سے ملاقات کی جس میں عوامی فلاح و بہبود، اِقتصادی ترقی، کاروباری ، تجارت اور سکل ڈیولپمنٹ سے متعلق مختلف مسائل پر تبادلۂ خیال کیا۔سابق ممبر قانون ساز اسمبلی ڈاکٹر چمن لال بھگت نے وزیر اعلیٰ سے ملاقات کی اور اَپنے علاقے سے متعلق اہم مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔چیف ایگزیکٹیو آفیسر(سی اِی او)اوربانی یور سٹوری اور دی بھارت پروجیکٹ شردھا شرمانے جموں و کشمیر سٹارٹ اَپ اور اَنٹرپریرینیور شپ ایکو سسٹم ، اِختراع پر مبنی اَقدامات اور جامع اقتصادی ترقی کو فروغ دینے کے لئے حکومت کی کوششوں پر غور و خوض کرنے کے لئے وزیر اعلیٰ سے ملاقات کی۔صدرجموں چیمبر آف کامرس اینڈ اِنڈسٹری ارون گپتا بھی وزیر اعلیٰ سے ملاقی ہوئے اور جموں و کشمیر میں تجارت، کاروبار اور صنعتی ترقی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔منیجنگ ڈائریکٹر اور چیف ایگزیکٹیو آفیسر ( سی اِی او )انفینی ٹیک سروسز اینڈ سولیوشنز سیّد اویس احمد نے وزیر اعلیٰ سے ملاقات کی اور معروف عالمی ٹیکنالوجی کمپنیوں کے اِشتراک سے جموں و کشمیر میں صنعت کی قیادت میں سکل ڈیولپمنٹ اور اعلیٰ تعلیم سے متعلق اقدامات کی عمل آوری کے لئے تجاویز پیش کیں۔وزیر اعلیٰ نے ملاقات کرنے والے عوامی نمائندوں اور صنعتی رہنماؤں کو یقین دِلایا کہ حکومت جامع اور ہمہ گیر ترقی کو فروغ دینے، صنعت کاری اور صنعت کو کو مضبوط بنانے، تجارت و کاروبار کو وسعت دینے اور باہمی شراکت داری کے ذریعے جموں و کشمیر کے نوجوانوں کے لئے روزگار اور سکل ڈیولپمنٹ کے مواقع کو بڑھانے کے لئے پوری طرح پُرعزم ہے۔










