زخمی امرناتھ یاتریوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت
سری نگر//وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے گاندربل ضلع کے گنڈ کنگن علاقے میں پیش آئے سڑک حادثے پر گہری تشویش کا اِظہار کیا جس میں شری امرناتھ جی یاترا کے پوتر گپھا کے درشن کے بعد سری نگر واپس لوٹنے والے کئی یاتری زخمی ہو گئے۔وزیراعلیٰ نے محکمہ صحت و طبی تعلیم کو ہدایت دی کہ تمام زخمی یاتریوں کو بہترین ممکنہ طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور وزیر برائے صحت و طبی تعلیم سکینہ اِیتوکو بھی شیرکشمیر اِنسٹی چیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایس کے آئی ایم ایس)صورہ روانہ کیا تاکہ وہ ذاتی طور پر زخمیوں کے علاج کی نگرانی کریں۔وزیر صحت نے وزیراعلیٰ کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے سکمز کا دورہ کیا اور اُنہوں نے وہاںزخمی یاتریوں سے ملاقات کی اور ان کی خیریت و عافیت دریافت کی۔ اُنہوں نے معالج ڈاکٹروں اور ہسپتال اِنتظامیہ سے بھی بات چیت کی تاکہ زخمیوں کی حالت اور فراہم کئے جا رہے علاج کا جائزہ لیا جا سکے۔وزیر موصوفہ نے ہسپتال اِنتظامیہ کو ہدایت دی کہ تمام زخمی یاتریوں کو بہترین ممکنہ طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور ان کے علاج و صحتیابی میں کوئی دقیقہ فروگذاشت نہ کیا جائے۔وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے زخمی یاتریوں کی جلد صحتیابی کے لئے نیک خواہشات کا اِظہار کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت اس مشکل گھڑی میں یاتریوں اور ان کے اہلِ خانہ کو ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔اِس سے قبل آج صبح شری امرناتھ جی یاترا کے یاتریوں کو لے جانے والی ایک بس جو پوترگپھا سے واپس سری نگر آ رہی تھی، گاندربل ضلع کے کنگن کے گنڈ علاقے میںگنی وَن ،ہری گنی ون کے قریب ایک موڑ کاٹتے وقت مبینہ طور پر ڈرائیور کے بس پر قابو کھو دینے کے باعث سڑک سے پھسل گئی۔ اِس حادثے میں 39 یاتری زخمی ہوئے۔ حادثے کے فوراً بعد ریسکو آپریشن شروع کیا گیا اور زخمیوں کو اِبتدائی علاج کے لئے سب ڈِسٹرکٹ ہسپتال کنگن منتقل کیا گیا جہاں سے بعد میں انہیں خصوصی علاج کے لئے سکمزصورہ ریفرکیا گیا۔










