سری نگر//وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے سول سیکرٹریٹ میں منعقدہ ایک تقریب میں محکمہ سکولی تعلیم کے کنٹی جنٹ پیڈ ورکرز ( سی پی ڈبلیوز)ریگولرائزیشن کے احکامات سونپے ۔اِس موقعہ پر وزیربرائے تعلیم سکینہ اِیتو بھی موجود تھیں۔تقریب میں وزیر اعلیٰ کے ایڈیشنل چیف سیکرٹری دھیرج گپتا، سپیشل سیکرٹری محکمہ سکولی تعلیم غلام رسول میر، ڈائریکٹرسکولی تعلیم کشمیر نصیر احمد وانی اور متعلقہ محکمہ کے دیگر سینئر اَفسران بھی موجود تھے۔وزیر اعلیٰ نے گاندربل اور بانڈی پورہ اَضلاع سے تعلق رکھنے والے سی پی ڈبلیوز میں ریگولرائزیشن کے احکامات تقسیم کئے اور انہیں مستقبل کی خدمات کے لئے نیک خواہشات پیش کیں۔ اُنہوں نے اُمید ظاہر کی کہ ملازمین محکمہ سکولی تعلیم کو مضبوط بنانے اور عوامی خدمات کی فراہمی کو بہتر بنانے کے لئے خلوص، عزم اور لگن کے ساتھ اَپنی ذمہ داریاں انجام دیتے رہیں گے۔ اِستفادہ کنندگان نے وزیر اعلیٰ اور حکومت کاان کے طویل عرصے سے زیر اِلتوا ٔمسئلہ کو حل کرنے اور انہیں ریگولرائزیشن کے احکامات فراہم کرنے پر شکریہ اَدا کیا۔










