وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے سری نگر ڈیولپمنٹ اَتھارٹی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی 84ویں میٹنگ کی صدارت کی

وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے سری نگر ڈیولپمنٹ اَتھارٹی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی 84ویں میٹنگ کی صدارت کی

سری نگر کیلئے شہری ترقیاتی اقدامات ، ہائوسنگ اور متعلقہ بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کا جائزہ لیا

سری نگر//وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے سول سیکرٹریٹ میں سری نگر ڈیولپمنٹ اتھارٹی (ایس ڈی اے) کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی 84ویں میٹنگ کی صدارت کی۔میٹنگ میں گزشتہ بورڈ میٹنگ میں کئے گئے پر عمل درآمد کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور شہری بنیادی ڈھانچے کی ترقی، رہائشی منصوبوں، اِدارہ جاتی اِصلاحات، اَراضی کے اِنتظام اور اتھارٹی کے مختلف منصوبوں کی پیش رفت سے متعلق امور پر غوروخوض کیا گیا۔بورڈ نے گزشتہ میٹنگ کے فیصلوں پر کی گئی کارروائی کی رپورٹ کا جائزہ لیا جس میں عوامی بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کے لیے زمین کی نشاندہی، ترقیاتی اقدامات میں پیش رفت، اہم تکنیکی عملے کی تقرری اور دیگر اِنتظامی اقدامات شامل تھے۔میٹنگ میںایس ڈِی اے کی طرف سے زیر تعمیر بڑے شہری ترقیاتی منصوبوں کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا جن میں رکھہ گنڈ اکشا بمنہ میں مجوزہ سیٹلائٹ ٹاؤن شپ، تجارتی اثاثوں کی ترقی،رہائشی منصوبے اور سری نگر میں شہری سہولیات کو بہتر بنانے کے لئے دیگر بنیادی ڈھانچے کے منصوبے شامل ہیں۔وزیر اعلیٰ نے رکھہ گنڈ اکشامیں مجوزہ سیٹلائٹ ٹاؤن شپ اور دیگر آئندہ رہائشی منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ شہری علاقوں کی منصوبہ بندی اس انداز میں ہونی چاہیے کہ وہ خوبصورت، دیدہ زیب، پُرکشش اور رہائش کے لئے موزوں ہوں۔ اُنہوں نے زور دیا کہ رہائشی منصوبوں میں سکول، پارک، کھیل کے میدان، خریداری کی سہولیات اور دیگر بنیادی سہولیات کے ساتھ معیاری لینڈ سکیپنگ کو بھی شامل کیا جائے تاکہ شہری ماحول مزید بہتر بنایا جا سکے۔بورڈ نے اتھارٹی کی ادارہ جاتی صلاحیت کو مضبوط بنانے، بھرتی کے قوانین کی تشکیل، ملازمین کی فلاحی سکیموں کے نفاذ اور منصوبہ بندی و ترقیاتی سرگرمیوں کو مزید مؤثر بنانے کے اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔میٹنگ میں سری نگر ماسٹر پلان کی نظرثانی اور اس کی عمل آوری، زونل ترقیاتی منصوبوں کی تیاری، تجارتی اثاثوں کے انتظام، عوامی بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور اتھارٹی کے بجٹ تخمینوں سے متعلق تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔
وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے شفاف، مؤثر اوردیرپا شہری ترقی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے ہدایت دی کہ تمام منصوبے مقررہ مدت میں مکمل کئے جائیں اور منصوبہ بندی کے اصولوں اور عوامی مفاد کو ہر صورت مدنظر رکھا جائے۔ اُنہوں نے ادارہ جاتی میکانزم کو مضبوط بنانے اور شہر کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے شہری خدمات کی فراہمی کو بہتر بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔اُنہوں نے ایس ڈِی اے کو ہدایت دی کہ سری نگر شہر میں رہائش کی بڑھتی ہوئی ضرورت کو پورا کرنے کے لئے بڑے پیمانے پر رہائشی منصوبوں پر توجہ دی جائے اور مصروف علاقوں میں پارکنگ کی سہولیات کو بھی بہتر بنایا جائے۔بورڈ نے بتہ مالو علاقے کی منصوبہ بند ترقی اور سنگرمال شاپنگ سینٹر کو مکمل طور پر فعال بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ اِس کے علاوہ سنگرمال کے قریب خالی اراضی پر اہم منصوبے شروع کرنے کی بھی ہدایت دی گئی۔میٹنگ میں وزیر اعلیٰ کے مشیر ناصر اسلم وانی، چیف سیکرٹری اَتل ڈولو، وزیر اعلیٰ کے ایڈیشنل چیف سیکرٹری دھیرج گپتا،ایڈیشنل چیف سیکرٹری محکمہ تعمیراتِ عامہ انیل کمار سنگھ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری محکمہ خزانہ شیلندر کمار، کمشنر سیکرٹری مکانات و شہر ی ترقی مندیپ کور، صوبائی کمشنر کشمیر، ضلع ترقیاتی کمشنر سری نگر، کمشنر سری نگر میونسپل کارپوریشن، وائس چیئرمین سری نگر ڈیولپمنٹ اَتھارٹی اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔وائس چیئرمین سری نگر ڈیولپمنٹ اتھارٹی شبیر حسین بٹ نے بورڈ کے سامنے ایجنڈا نکات پیش کئے۔