دو مزدوروں کے اہل خانہ کیلئے 10لاکھ روپے کی ایکس گریشیا ریلیف کا اعلان
سری نگر//وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے کولگام میں دو مزدوروں کے بہیمانہ قتل کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے جاں بحق اَفراد کے لواحقین کے لئے منسٹر ریلیف فنڈ (سی ایم آر ایف )سے فی کنبہ 10 لاکھ روپے کی ایکس گریشیا ریلیف دینے کا اعلان کیا۔اُنہوں نے معصوم جانوں کے ضیاع پر گہرے دُکھ کا اِظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ اِمداد ضلعی اِنتظامیہ کی طرف سے دی جانے والی 6 لاکھ روپے کی فوری اِمداد کے علاوہ ہوگی۔اُنہوں نے سوگوار کنبوں سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اِظہار کرتے ہوئے یقین دِلایا کہ حکومت دُکھ اور مشکل کی اس گھڑی میں ان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔وزیراعلیٰ نے مرحومین کی ارواح کے ابدی سکون کے لئے دعااور پسماندگان کے لئے صبر جمیل اور اِس ناقابلِ تلافی نقصان کو برداشت کرنے کی ہمت کے لئے بھی دُعا کی۔










