گلوبل ساؤتھ اور ہندوستان،برطانیہ شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار
سرینگر// یو این ایس// وزیراعظم نریندر مودی نے بدھ کو سفارتی سطح پر اہم سرگرمیوں کے دوران وینزویلا کی قائم مقام صدر ڈیلسی روڈریگز اور برطانیہ کی وزیر خارجہ ویٹی کوپر سے الگ الگ ملاقاتیں کیں، جن میں دوطرفہ تعلقات، اقتصادی تعاون، توانائی، تجارت، ٹیکنالوجی اور عالمی سطح پر اشتراک عمل کو مزید مضبوط بنانے کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعظم نے وینزویلا کی قائم مقام صدر ڈیلسی روڈریگز کے ساتھ ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کے امکانات کا جائزہ لیا۔ ملاقات میں توانائی، اہم معدنیات، ٹیکنالوجی، زراعت، صحت اور عوامی روابط کے شعبوں میں اشتراک کو مزید مضبوط بنانے پر خصوصی توجہ دی گئی۔یو این ایس کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ وینزویلا لاطینی امریکہ میں بھارت کا ایک اہم اور قابل اعتماد شراکت دار ہے اور دونوں ممالک کے درمیان قریبی تعاون نہ صرف باہمی مفادات بلکہ گلوبل ساؤتھ کے وسیع تر مفادات کے لیے بھی اہمیت رکھتا ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ نئی دہلی اور کاراکاس مختلف شعبوں میں جاری تعاون کو مزید فروغ دیتے ہوئے اپنے عوام کی ترقی اور خوشحالی کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھیں گے۔نریندر مودی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پیغام میں کہا کہ وینزویلا کے ساتھ توانائی، معدنی وسائل، صحت، زراعت اور جدید ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے حوالے سے مثبت اور تعمیری بات چیت ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت گلوبل ساؤتھ کے ممالک کے ساتھ اپنے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے۔دریں اثنا وزیراعظم نے برطانیہ کی وزیر خارجہ ویٹی کوپر سے بھی ملاقات کی، جس میں ہندوستان اور برطانیہ کے درمیان بڑھتی ہوئی اسٹریٹجک شراکت داری اور مختلف شعبوں میں جاری تعاون کا جائزہ لیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے اقتصادی روابط، سرمایہ کاری، تجارت، تعلیم، اختراع اور عالمی امور پر تعاون کو مزید فروغ دینے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ چند برسوں کے دوران ہندوستان اور برطانیہ کے تعلقات نئی بلندیوں تک پہنچے ہیں اور اس شراکت داری نے دونوں ممالک کے لیے غیر معمولی ترقی اور اقتصادی مواقع پیدا کیے ہیں۔یو این ایس کے مطابق انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ ’’ہندوستان-برطانیہ ویڑن 2035‘‘ آئندہ برسوں میں دونوں ممالک کے تعلقات کی سمت متعین کرنے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔انہوں نے کہا کہ بھارت اور برطانیہ عالمی چیلنجز سے نمٹنے، پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول اور بین الاقوامی امن و استحکام کے فروغ کے لیے مل کر کام کرتے رہیں گے۔ وزیراعظم کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات نہ صرف باہمی مفادات بلکہ عالمی بھلائی کے لیے بھی سودمند ثابت ہوں گے۔سیاسی مبصرین کے مطابق وزیراعظم کی یہ ملاقاتیں بھارت کی اس سفارتی حکمت عملی کا حصہ ہیں جس کے تحت نئی دہلی مختلف خطوں کے اہم ممالک کے ساتھ اقتصادی، تزویراتی اور ترقیاتی شراکت داری کو مزید وسعت دینے کی کوشش کر رہا ہے۔ وینزویلا کے ساتھ توانائی اور معدنی وسائل کے شعبوں میں تعاون جبکہ برطانیہ کے ساتھ تجارت، سرمایہ کاری اور ٹیکنالوجی کے میدان میں اشتراک مستقبل میں دونوں تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔










