modi

وزیراعظم نریندر مودی کو سلوواکیہ کے اعلیٰ ترین قومی اعزاز سے نوازا گیا

وکست بھارت کیلئے جدید ترین انفراسٹرکچر کی تعمیر کا خواب پورا کیا جائے گا// نریندر مودی

سرینگر// یو این ایس//وزیر اعظم نریندر مودی کو سلوواکیہ کے اعلیٰ ترین قومی اعزاز ’’آرڈر آف دی وائٹ ڈبل کراس (فرسٹ کلاس)‘‘ سے نوازا گیا۔ یہ اعزاز سلوواکیہ کے صدر پیٹر پلرگنی نے دارالحکومت براتسلاوا میں منعقدہ ایک خصوصی تقریب کے دوران پیش کیا۔اس موقع پر وزیر اعظم مودی نے اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ اعزاز دراصل بھارت کے 140 کروڑ عوام کے نام ہے اور وہ اسے بھارت اور سلوواکیہ کے درمیان دیرینہ دوستی اور باہمی اعتماد کے نام معنون کرتے ہیں۔ انہوں نے سلوواکیہ کی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات مستقبل میں مزید مستحکم ہوں گے۔یو این ایس کے مطابق ’’آرڈر آف دی وائٹ ڈبل کراس‘‘ سلوواکیہ کا سب سے بڑا سول اور فوجی اعزاز ہے جو خصوصی طور پر غیر ملکی شہریوں کو ان کی غیر معمولی خدمات اور دوطرفہ تعلقات کے فروغ میں کردار کے اعتراف میں دیا جاتا ہے۔دریں اثنا وزیر اعظم نریندر مودی نے ’’نیا بھارت نرمان‘‘ کے بارہ سال مکمل ہونے کے حوالے سے ملک میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ ایک دہائی کے دوران انفراسٹرکچر کے شعبے میں غیر معمولی پیش رفت ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ’’وکست بھارت‘‘ کے وڑن کو حقیقت کا روپ دینے کے لیے نئی نسل کے جدید، مضبوط اور پائیدار انفراسٹرکچر کی تعمیر کے لیے پرعزم ہے۔سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے پیغام میں وزیر اعظم نے کہا کہ مضبوط انفراسٹرکچر ہی کسی قوم کی ترقی، خوشحالی اور مواقع تک رسائی کی بنیاد ہوتا ہے۔ گزشتہ بارہ برسوں میں سڑکوں، ریلوے، ہوائی اڈوں، بندرگاہوں اور ڈیجیٹل رابطوں کے شعبوں میں ریکارڈ سرمایہ کاری کی گئی، جس کے نتیجے میں نقل و حمل، تجارت اور اقتصادی سرگرمیوں کو نئی رفتار ملی ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ بہتر رابطہ کاری صرف لوگوں کو ایک دوسرے سے جوڑنے کا ذریعہ نہیں بلکہ یہ منڈیوں، روزگار کے مواقع اور ترقی کے نئے راستے بھی کھولتی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت مستقبل میں بھی جدید ٹیکنالوجی اور عالمی معیار کے انفراسٹرکچر کے ذریعے بھارت کو ترقی یافتہ ملک بنانے کے ہدف پر کام جاری رکھے گی۔یو این ایس کے مطابق سیاسی مبصرین کے مطابق سلوواکیہ کے اعلیٰ ترین اعزاز کا حصول وزیر اعظم مودی کی سفارتی کامیابیوں میں ایک اور اہم اضافہ تصور کیا جا رہا ہے، جبکہ حکومت اسے عالمی سطح پر بھارت کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ اور بین الاقوامی تعلقات میں مضبوط ہوتی شراکت داریوں کا مظہر قرار دے رہی ہے۔