واڈون کشتواڑ میں مویشیوں میں بیماری پھوٹ پڑی

سرینگر//کشتواڑ کے دور دراز علاقہ واڈون میں مویشیوں میں بیماری پھوٹ پڑی ہے ، جس کے نتیجے میں اس وقت بسمینہ، گمری اور انشن میں کئی گائے اور بیل بیمار ہیں ۔کشمیر پریس سروس کے موصولہ اطلاعات کے مطابق واڈون میں اس مہلک بیماری کی وجہ سے نصف درجن سے زائد مویشی ہلاک ہوئے ہیں۔ مقامی آبادی نے انیمل شیپ ہسبنڈری محکمہ کے خلاف زبردست ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ علاقہ میں محکمہ کا کوئی ڈاکٹر یا دیگر عملہ موجود نہیں اور مویشیوں میں یہ بیماری بڑی تیزی سے پھیل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مویشیوں پر ہی ان کے معاش کا انحصار ہے اورمویشیوں میں نقصان ہونے سے وہ معاشی طور کمزرو ہورہے ہیں ۔اس سلسلے میں انہوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ فوری طور علاقہ میں ماہرین کی ٹیمیں روانہ کی جائے جو اس بیماری کو قابو پانے کیلئے اپنے تجربات اور طبی شورے دیں گے اور بیماری کی لپیٹ میں آئے ہوئے مویشیوں کا فوری علاج ومعالجہ کیا جائے تاکہ لوگ اس بڑے نقصان محفوظ رہ سکیں گے ۔ادھرانشن کی آبادی نے شکایت کی ہے کہ مقامی ڈسپنسری میں کوئی ڈاکٹر تعینات نہیں ہے جس کے نتیجے میں بیمارافراد کو سخت پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔