بانڈی پورہ میں سیلاب جیسی صورتحال، 2 افراد زخمی،کئی مکانات کو نقصان
سرینگر// یو این ایس// وادی کشمیر میں مسلسل بارشوں اور بالائی علاقوں میں تازہ برفباری کے باعث موسم نے ایک بار پھر کروٹ لی ہے۔ زوجیلا، دراس، گریز اور سونہ مرگ کے پہاڑی علاقوں میں برفباری جبکہ وادی کے میدانی علاقوں میں موسلادھار بارش نے درجہ حرارت میں نمایاں کمی کر دی ہے۔ کئی روز سے جاری گرمی کی شدت میں اچانک کمی آنے سے لوگوں نے راحت محسوس کی، تاہم مختلف علاقوں میں بارشوں کے سبب معمولاتِ زندگی بھی متاثر ہوئے۔محکمہ موسمیات کے مطابق بدھ کی رات دیر گئے شروع ہونے والی بارش جمعرات کو بھی وقفے وقفے سے جاری رہی۔ سرینگر سمیت وادی کے کئی اضلاع میں دن بھر آسمان ابر آلود رہا جبکہ بعض علاقوں میں گرج چمک اور تیز ہواؤں کی بھی اطلاع موصول ہوئی۔ بارش کے باعث کئی سڑکوں اور نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔یو این ایس کے مطابق ادھر شمالی کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ میں شدید بارش کے بعد ایک سیلاب جیسی صورتحال پیدا ہوگئی۔ دارالعلوم رحیمیہ کے نزدیک سرینگر-بانڈی پورہ شاہراہ پر پانی اور مٹی کے ریلے رہائشی آبادی میں داخل ہوگئے جس کے نتیجے میں لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ حکام کے مطابق دو رہائشی مکانات کو جزوی نقصان پہنچا جبکہ دو افراد زخمی ہوگئے جن میں ایک کمسن بچہ بھی شامل ہے۔ زخمیوں کو فوری طور ضلع اسپتال بانڈی پورہ منتقل کیا گیا جہاں ایک زخمی کو ابتدائی طبی امداد کے بعد رخصت کردیا گیا جبکہ دوسرے کا علاج جاری ہے۔مقامی آبادی نے الزام لگایا کہ متعلقہ محکموں کی غفلت کے باعث یہ صورتحال پیدا ہوئی۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے ایک روز قبل ہی بند نالے اور لیک ہو رہی پینے کے پانی کی پائپ لائن کے بارے میں میونسپل کمیٹی اور آر اینڈ بی محکمہ کو مطلع کیا تھا، لیکن کسی بھی محکمہ نے بروقت کارروائی نہیں کی۔مقامی شہریوں کے مطابق علاقے میں زیر تعمیر ڈرین پہلے کے مقابلے میں زیادہ تنگ بنائی گئی ہے جس کی وجہ سے بارش کا پانی آسانی سے گزر نہیں سکا اور اْبل کر گھروں اور سڑکوں میں داخل ہوگیا۔ متاثرین نے انتظامیہ سے فوری معاوضے، حفاظتی دیوار کی تعمیر اور نکاسی آب کے مؤثر انتظامات کا مطالبہ کیا ہے۔واقعے کے بعد تحصیلدار بانڈی پورہ اور دیگر افسران نے علاقے کا دورہ کرکے صورتحال کا جائزہ لیا جبکہ ضلع انتظامیہ نے بحالی اور صفائی کاموں کیلئے ٹیمیں تعینات کر دیں۔ کئی مقامات پر سڑکوں سے ملبہ اور پانی ہٹانے کا کام جاری رہا تاکہ ٹریفک کی بحالی ممکن بنائی جا سکے۔یو این ایس کے مطابق ادھر محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ دو سے تین روز تک جموں و کشمیر میں بارش، گرج چمک، تیز ہواؤں اور بعض علاقوں میں ڑالہ باری کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے۔ محکمہ نے حساس اور پہاڑی علاقوں میں رہنے والے لوگوں کو محتاط رہنے، غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور خراب موسم کے دوران کھلے مقامات پر نہ جانے کی ہدایت دی ہے۔ماہرین کے مطابق مئی کے مہینے میں اس نوعیت کی برفباری اور بارشیں غیر معمولی موسمی تبدیلیوں کی عکاسی کرتی ہیں، جبکہ حالیہ موسم نے ایک بار پھر وادی میں موسم سرما جیسی کیفیت پیدا کر دی ہے۔










